پری سیزن ریڈ بال کیمپ میں شریک 24 کھلاڑیوں میں 8 ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل

پری سیزن ریڈ بال کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں کل سے شروع ہوگا۔

کیمپ میں شریک 24 کھلاڑیوں میں 8 ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل ہیں۔

کراچی 24 جون 2024: ریڈ بال پری سیزن فیلڈنگ اور فٹنس کیمپ منگل کے روز سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہوگا۔ کیمپ میں 24 کھلاڑی شریک ہیں جو 7 جولائی تک دو ہفتے کے کیمپ میں ٹریننگ کریں گے۔ کیمپ میں 25 ویں کھلاڑی کی شمولیت مقررہ وقت پر کی جائے گی۔

ریڈ بال کیمپ کے اختتام کے بعد، 15 کھلاڑی پاکستان شاہینز کے پری ڈیپارچر کیمپ میں حصہ لیں گے جو 8 سے 13 جولائی تک جاری رہے گا ۔

پاکستان شاہینز 14 جولائی کو بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچوں کی سیریز کے لیے ڈارون آسٹریلیا روانہ ہوگی ۔ اس دورے میں وہ دو ایکروزہ میچ کھیلنے کے ساتھ ساتھ نو ٹیموں کی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی حصہ لے گی۔

کیمپ میں شامل 24 کھلاڑیوں میں سے 8 ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل ہیں جن میں عبداللہ شفیق (17 ٹیسٹ) امام الحق (24 ٹیسٹ) خرم شہزاد (ایک ٹیسٹ) محمد وسیم جونیئر (دو ٹیسٹ) سرفراز احمد (54 ٹیسٹ) سعود شکیل (10 ٹیسٹ) عمر امین (چار ٹیسٹ) اور زاہد محمود (دو ٹیسٹ) شامل ہیں۔

پاکستان کو2024-25کے سیزن میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے 9 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کیمپ کھلاڑیوں کے لیے ریڈ بال سیزن کے لیے خود کو تیار کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔

پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف اگست میں دو ٹیسٹ میچز اور اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔ دونوں ہوم سیریز ہیں ۔پاکستان دسمبرجنوری میں دو ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ جائے گا اور پھر جنوری 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر دو ٹیسٹ کھیلے گا۔

کیمپ کے بارے میں ٹیسٹ کرکٹر امام الحق کا کہنا ہے ” اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ ہم آئندہ سیزن میں نو ٹیسٹ میچز کھیلنے والے ہیں، یہ کیمپ ہم سب کے لیے ایک مصروف سیزن میں اپنی فٹنس پر کام کرنے اور تیاری کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔ ڈومیسٹک سیزن میں اچھی کارکردگی دکھاکر اس کیمپ میں منتخب کیے جانے والے نوجوان کرکٹرز کوسینئر کرکٹرز کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

21 سالہ مہران ممتاز کا کہنا ہے کہ مجھے حال ہی میں این سی اے میں اسپنرز کیمپ کے لیے مدعو کیا گیا تھا اور اب کراچی میں یہ ریڈ بال کیمپ مجھے اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مدد دے گا۔

میری طرح نوجوان کھلاڑیوں کے لیے سینئر کرکٹرز کے تجربے سے سیکھنے کا یہ اچھا موقع ہے جو ریڈ بال کیمپ کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان شاہینز کے ڈارون کے دورے کا حصہ ہونے کے ناتے یہ میرے لیے اچھا موقع ہے کہ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کروں اور ریڈبال کے مصروف سیزن سے پہلے سلیکشن کمیٹی کو متاثر کرسکوں۔

تعارف: News Editor