آئی سی سی ٹی 20 مینز ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی کیلئے بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں دوسرے سیمی فائنل میں آج مدمقابل آئیں گی۔
بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں شام 7 بجے گیانا کے پروویڈینس کرکٹ سٹیڈیم میں فائنل میں رسائی کیلئے جنگ لڑیں گی، دونوں میں سے جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ فائنل میں جنوبی افریقا سے ہو گا۔
ادھر آج گیانا میں شام 4 بجے تک بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ آئی سی سی کی جانب سے شیڈولڈ سیمی فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی نہیں رکھا گیا۔
دوسرے سیمی فائنل میچ کیلئے 250 منٹ کا اضافی وقت ہوگا اور واش آؤٹ ہونے کی صورت میں بھارت فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گا، بھارت کو سپر 8 کے گروپ ون میں پہلی پوزیشن کی بنیاد پر فائنل کا حقدار قرار دیا جائے گا۔
آئی سی سی نے انڈین مارکیٹ کی وجہ سے بھارت کا سیمی فائنل گیانا میں رکھا، گیانا میں میچ مقامی وقت کے مطابق صبح کے وقت شروع ہو گا جبکہ بھارت میں شام کا وقت ہو گا۔