ٹی20ورلڈ کپ ؛ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

ساؤتھ افریقہ نے نویں اوور میں ہی ہدف حاصل کر لیا۔

آئی سی سی کے زیر اہتمام امریکہ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر ساؤتھ افریقہ کو فیلڈنگ کرنے کی دعوت دے دی۔

افغانستان ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ افغانستان کا کوئی بھی کھلاڑی ساؤتھ افریقی باؤلرز کے سامنے کھڑا نہ ہو سکا۔ ساؤتھ افریقی باؤلرز نے ایک کے بعد ایک افغان کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلے اوور میں افغان بیٹر رحمان اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے اوور میں دوسرا کھلاڑی آؤٹ ہو گیا۔ گلبدین نائب 8 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

افغان ٹیم کا تیسرا کھلاڑی تیسرے اوور میں آؤٹ ہوا۔ ابراہیم زردان 5 گیندوں پر 2 رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ چوتھا کھلاڑی بھی زیادہ دیر پچ پر کھڑا نہیں سکا اور محمد نبی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

عظمت اللہ عمر زئی ہی سب سے زیادہ 10 رنز بنا سکے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں رن نہ بنا سکا۔ افغان ٹیم کے 3 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے ہی واپس لوٹ گئے۔ افغانستان کی پوری ٹیم 11.5 اوورز میں 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ساؤتھ افریقہ کی جانب سے مارکو جانسن اور بتریز شمسی نے 3، 3 کاگیسوربادا اور اینریچ نورٹجے نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے جوابی اننگز میں افغانستان کا دیا گیا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 8.4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔

جوابی اننگز میں جنوبی افریقہ کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس نے 29 اور کپتان ایڈرن مارکرم نے 23 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

افغان اسکواڈ ; افغانستان کی ٹیم کی قیادت راشد خان کر رہے ہیں، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، کریم جنت، ننگیالیا کھروٹ، نور احمد، نوین الحق اور فضل حق فاروقی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

جنوبی افریقی اسکواڈ ; جنوبی افریقہ کی کپتانی کے فرائض ایڈن مارکرم سرانجام دے رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن اسٹبس، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے اور تبریز شمسی شامل ہیں۔

تعارف: News Editor