متحدہ عرب امارات کے بلے باز محمد عثمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
لاہور میں پیدا ہونے والے مڈل آرڈر بلے باز نے چھ سالوں میں 85 بین الاقوامی میچز کھیلے، 38 ون ڈے اور 47 ٹی ٹوئنٹی میچز میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کی۔
عثمان نے اپناٹی ٹوئنٹی ڈیبیو فروری 2016 میں نیدرلینڈز کے خلاف کیا تھا جس کے بعد اسکاٹ لینڈ کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ مجموعی طور پر، انہوں نے 38 ون ڈے میں 31.50 کی اوسط سے 1008 رنز بنائے
جن میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ 47 ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے تین نصف سنچریوں کے ساتھ 891 رنز بنائے۔ وہ 2016 میں ایشیا کپ کے اسکواڈ کا بھی حصہ تھے جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے لیے سات میچز میں سب سے زیادہ 176 رنز بنائے۔
عثمان لاہور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے پانچ فرسٹ کلاس اور 58 لسٹ اے میچ کھیلے۔ انہوں نے 1517 لسٹ اے رنز 34.47 کی اوسط سے بنائےجس میں نو نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل تھی۔
عثمان نے آخری بار فروری 2022 میں اومان اور نیپال کے خلاف بالترتیب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا۔ 38 سالہ کھلاڑی نے اظہار تشکر کیا اور ریٹائرمنٹ کے بعد کرکٹ کا حصہ بننے کی امید ظاہر کی۔
عثمان نے کہا متحدہ عرب امارات کی کرکٹ ٹیم اور کرکٹ بورڈ کے ساتھ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے۔میں خوش قسمت اور فخر محسوس کرتا ہوں کہ مجھے 85 بین الاقوامی میچوں میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا۔
میں اپنی زندگی کے اگلے باب کا انتظار کر رہا ہوں کیونکہ میں کھیل سے وابستہ رہنا چاہتا ہوں۔ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم اور کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہتا ہوں ۔