ویمن ٹارگٹ بال سمر کیمپ :میاں عتیق رحمان نے پلیئرز کی ٹریننگ دیکھی
ثمرہ عزیز،ارسلان طارق اور عبداللہ مغل کوچنگ کے فرائض ادا کر رہے ہیں،پلیئرز کا جوش و خروش قابل دید
لاہور(سپورٹس رپورٹر) نوجوان نسل کو موبائل فونز اور الیکٹرانک آلات کے منفی اثرات سے بچاکر انہیں صحت مندانہ سرگرمیوںکی جانب راغب کرنے کے حوالے سے ویمن ٹارگٹ بال سمر کیمپ کامیابی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹارگٹ بال فیڈریشن کے صدرعارف محمود خان اور سیکرٹری جنرل نظام الحق کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب ٹارگٹ بال ایسوسی ایشن کی صدر ناصرہ کفیل اور
جنرل سیکرٹری محمد اکرم نے اپنے دیگر عہدیداروں کے ساتھ ملکر ویمن ٹارگٹ بال سمر کیمپ کا انعقاد کیا۔24 جون سے شروع ہونے والاسمر کیمپ پانچ بجے سے شام سات بجے تک جاری رہتا ہے اوریہ کیمپ جولائی کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گا۔
اس کیمپ میںدو درجن سے زائد لڑکیاں شریک ہیں جنہیں ثمرہ عزیز،ارسلان طارق اور عبداللہ مغل ٹارگٹ بال کھیل کی بنیادی تکنیک سے آگا ہ کر رہے ہیںاور کھیل کے جدید بین الاقوامی قوانین سے بھی روشناس کر وا رہے ہیں۔
گزشتہ روز چیئرمین پنجاب ٹارگٹ بال ایسوسی ایشن میاں عتیق رحمان نے ویمن ٹارگٹ بال سمر کیمپ کا خصوصی دورہ کیا ۔ اس موقع پر سمر کیمپ میں شریک کھلاڑیوں سے ان کا تعارف کروایا گیا۔
ان کے ہمراہ سینئر نائب صدر ارسلان طارق ، نائب صدر میاں وقاص ، ایسوسی ایٹ سیکرٹری عبداللہ مغل ،چیئرمین سلیکشن کمیٹی ملک حمزہ اور ممبر سلیکشن کمیٹی معین ارشد بھی موجود تھے۔
ویمن ٹارگٹ بال سمر کیمپ میںانشرا، تحریم ، ملائکہ ، معظمہ، فزا، ہیرا جاوہد،ماہ ریز اور ثنا ءنے شاندار پرفارمنس دکھائی ،کیمپ میں شریک پلیئرز کا جوش و خروش قابل دید تھا۔
چیئرمین پنجاب ٹارگٹ بال ایسوسی ایشن میاں عتیق رحمان نے سمر کیمپ کے دورے کے دوران کھلاڑیوں کی ٹریننگ دیکھی اور کوچز کو جدید تیکنیک سے پلیئرزکو تربیت دینے کی تلقین کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی فٹنس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
پنجاب ٹارگٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد اکرم کا کہنا تھا کہ ویمن ٹارگٹ بال سمر کیمپ لگانے کا مقصد نوجوان لڑکیوں اور بچیوں کو موسم گرما کی تعطیلات کے دوران صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرتے ہوئے انہیں ٹارگٹ بال کھیل اور قوانین بارے آگاہی دینا ہے،
اس کیمپ میں شریک باصلاحیت کھلاڑیوں کی گرومنگ اورصلاحیتوں کو نکھارنے کے بعد انہیں پنجاب اور پاکستان ویمن ٹارگٹ بال ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔