بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

 ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں انڈیا نے 7 رنز سے جنوبی افریقہ کو شکست دے دی۔

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے سنسنی خیز فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر17 سال بعد ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کر لیا۔

سنیچر کو کینسنگٹن اوول سٹیڈیم بارباڈوس میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز ہی بنا سکی.

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کی پہلی وکٹ 7 رنز پر گری جب ریزا ہینڈرکس صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان ایڈن مارکرم بھی جلدی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے بھی چار رنز ہی بنائے۔ اس کے بعد ٹرسٹن سٹبس اور وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے مل کر ٹیم کو سنبھالا۔ ٹرسٹن سٹبس نے 31 رنز بنائے جبکہ کوئنٹن ڈی کوک نے بھی 31 رنز بنائے۔

ہینری کلاسن نے جنوبی افریقا کی اننگز کو تیز کرتے ہوئے 23 گیندوں پر ففٹی مکمل کی، جو اس ٹورنامنٹ کی تیز ترین نصف سنچری تھی۔ انہوں نے انڈین بولرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ چھکے اور دو چوکے لگائے۔

انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے تین، ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے دو دو جبکہ اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے تھے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ویرات کوہلی نے 59 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور دو چھکے شامل تھے، اکشر پٹیل 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

شیوم دوبے 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان روہت شرما 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، رشبھ پنت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے،

سوریا کمار یادیو 3 رنز پر ربادا کا نشانہ بنے۔رویندرا جڈیجا 2 رنز بنا کر نورکیانے کو وکٹ دے بیٹھے، ہاردک پانڈیا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور اینرک نورکیانے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، مارکو جینسن اور کگیسو ربادا ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے

اس سے قبل بھارت 2007 میں پاکستان کو شکست دیکر پہلی بار ٹی 20 چیمپئن بنا تھا۔

فائنل کیلئے بھارت اور جنوبی افریقا نے وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھا گیا اور دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

انڈیا کے پلیئنگ الیون ؛ روہت شرما (کپتان)، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، سوریا کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، رویندر جدیجہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ انڈین پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون ؛ کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ایڈن مارکرم (کپتان)، ہینری کلاسن، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن اسٹبس، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے اور تبریز شمسی جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اب تک کا سب سے بڑا ٹی 20 ورلڈ کپ ہے جو 28 روز تک جاری رہا اور اس دوران کل 55 میچز کھیلے گئے

error: Content is protected !!