ٹارگٹ بال سمر کیمپ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے: محمد اکرم
باصلاحیت پلیئرز کو پنجاب اور پاکستان ویمن ٹارگٹ بال ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا: میڈیا سے گفتگو
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پنجاب ٹارگٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان ٹارگٹ بال فیڈریشن کے صدرعارف محمود خان اور سیکرٹری جنرل نظام الحق کی خصوصی ہدایات کی روشنی میںویمن ٹارگٹ بال سمر کیمپ کامیابی سے جاری ہے،
کیمپ میں شریک دو درجن سے زائد بچیوں کو ثمرہ عزیز اور ہیرا جاوید پر مشتمل کوچنگ پینل ٹارگٹ بال کھیل کی بنیادی تکنیک اور کھیل کے بین الاقوامی قوانین سے روشناس کروا رہا ہے۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب ٹارگٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد اکرم کا کہنا تھا کہ ویمن ٹارگٹ بال سمر کیمپ پاکستانی معاشرے میں سپورٹس کلچر کے فروغ کےلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہے
کیونکہ اس کیمپ سے سپورٹس کلچرپروان چڑھے گااور نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔محمد اکرم نے بتایا کہ کیمپ میں شریک بچیوں کو ٹارگٹ بال کھیل کے بنیادی رولز سکھائے،
فزیکل ٹریننگ ،مختلف جسمانی ورزش کیساتھ ساتھ سٹیمنا بڑھانے کی مختلف تکنیکس بھی سکھائیں جا رہی ہیں۔پنجاب ٹارگٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد اکرم نے کہا کہ نوجوان نسل کو موبائل فونز اور الیکٹرانک آلات کے منفی اثرات سے بچاکر انہیں صحت مندانہ سرگرمیوںکی جانب راغب کرنا میرا مشن ہے ،
سمر کیمپ میں شریک کھلاڑیوں میں سے انشرا، تحریم ، ملائکہ ، معظمہ، فزا،ماہ ریز اور ثنا ءشاندار پرفارمنس دکھا رہی ہیں ، اس کیمپ میں شریک باصلاحیت کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے بعد انہیں پنجاب اور پاکستان ویمن ٹارگٹ بال ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔