اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
ارم جاوید، عمیمہ سہیل اور سیدہ عروب شاہ کی واپسی۔ تسمیہ رباب پہلی بار ٹیم میں شامل ۔
اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی پاکستان ٹیم کا اعلان۔
ندا ڈار کپتان برقرار ، تسمیہ رباب پہلی بار ٹیم میں شامل ۔
ارم جاوید ۔ عمیمہ سہیل اور عروب شاہ کی ٹیم میں واپسی۔
ویمنز ایشیا کپ19 سے28 جولائی تک دمبولا سری لنکا میں ہوگا۔
پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 19جولائی کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف کھیلے گی۔
اس کے اگلے دو میچز نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف 21 اور 23جولائی کو ہونگے۔
ویمنز ٹیم کا کیمپ کراچی میں 5 جولائی سے ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں ہوگا۔
کراچی 30 جون 2024 : آئندہ ماہ دمبولا میں ہونے والے اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ندا ڈار کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
یہ ٹورنامنٹ 19 سے 28 جولائی تک منعقد ہوگا۔ پاکستان ٹیم کا انتخاب کراچی میں منعقدہ چار روزہ کیمپ کے اختتام پر کیا گیا ہے۔ کیمپ ہفتے کو ختم ہوگیا تھا۔
پاکستان کے اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑی عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ ، فاطمہ ثنا ، گل فیروزہ ، ارم جاوید، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن ہیں ۔
عائشہ ظفر، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، ام ہانی اور وحیدہ اختر ٹیم میں جگہ نہیں بناسکی ہیں یہ کھلاڑی
گزشتہ ماہ انگلینڈ کا دورہ کرنے والے 17 رکنی اسکواڈ کا حصہ تھیں ۔
سلیکٹرز نے ارم جاوید، عمیمہ سہیل، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
ارم جاوید نے اپنا 53 واں اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اکتوبر 2023 میں چٹوگرام میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا عمیمہ نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کوئنز ٹاؤن میں اپنا 48 واں اور آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا
جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں عروب کا ساتواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی ستمبر 2023 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں تھا۔
22 سالہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر تسمیہ رباب ٹیم میں واحد کھلاڑی ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی ہیں۔انہوں نے نومبر 2023 میں ویسٹ انڈیز اے اور تھائی لینڈ کے خلاف پاکستان اے کی نمائندگی کی تھی۔
انہوں نے قومی ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں ملتان کی طرف سے کھیلتے ہوئے 86 رنز بنائے اور 12 وکٹیں حاصل کیں جبکہ قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں انہوں نے 6.36 کے اکانومی ریٹ سے چار وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 5 جولائی سے کراچی میں شروع ہوگا اور 16 جولائی کو ٹیم کی روانگی تک جاری رہے گا۔
ہیڈ کوچ محمد وسیم کیمپ کی نگرانی کریں گے اور انہیں عبدالرحمان ( اسپن بولنگ کوچ ) جنید خان (اسسٹنٹ کوچ- بولنگ ) اور حنیف ملک (اسسٹنٹ کوچ- فیلڈنگ) کی معاونت حاصل ہوگی۔
حنا منور، رابعہ صدیق اور ولید احمد کو پہلے ہی منیجر ۔ فزیو اور انالسٹ مقرر کیا جاچکا ہے۔
پاکستان کو گروپ اے میں بھارت ، نیپال اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ سری لنکا، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ اور ملائیشیا گروپ بی میں ہیں۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں 26 جولائی کو سیمی فائنل کھیلیں گی۔
پاکستان کا مقابلہ 19 جولائی کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز بھارت سے ہوگا جب کہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اس کے میچز بالترتیب 21 اور 23 جولائی کو ہوں گے۔