بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں فتح کے بعد کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش کردی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں فتح کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش کردی۔

سربراہ بورڈ جے شاہ کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں بھارتی ٹیم کے لئے 125 کروڑ بھارتی روپے یعنی تقریبا 4 ارب پاکستانی روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا۔

جے شاہ کی جانب سے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ سٹاف کو مبارکباد پیش کی گئی اور کہا گیا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بے مثال صلاحیت، عزم اور اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں بھارت نے دوسری مرتبہ ورلڈکپ ٹائٹل جیت کر تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم بھی اپنے نام کرلی۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی فاتح بھارتی ٹیم کو 24 لاکھ 50 ہزار ڈالرز انعامی رقم دی گئی ہے جو پاکستانی 68 کروڑ 28 لاکھ 75 ہزار روپے بنتے ہیں۔

اسی طرح ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم جنوبی افریقہ کو بھی 12 لاکھ 80 ہزار ڈالرز ملے جو پاکستانی روپوں میں 35 کروڑ 67 لاکھ 67 ہزار بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ میں شامل دیگر ٹیموں پر بھی ڈالرز کی برسات کی گئی ہے۔

error: Content is protected !!