آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں بھارت نے دوسری مرتبہ ورلڈکپ ٹائٹل جیت کر تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم بھی اپنے نام کرلی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے نویں ایڈیشن میں گزشتہ روز بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان فائنل کھیلا گیا۔ بھارت نے مخالف ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 17 سال بعد ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل اپنے نام کیا۔
بھارت کے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی باؤلرز نے جنوبی افریقا سے جیتا ہوا میچ چھین لیا۔ جنوبی افریقا کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی فاتح بھارتی ٹیم کو 24 لاکھ 50 ہزار ڈالرز انعامی رقم دی گئی ہے جو پاکستانی 68 کروڑ 28 لاکھ 75 ہزار روپے بنتے ہیں۔
اسی طرح ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم جنوبی افریقہ کو بھی 12 لاکھ 80 ہزار ڈالرز ملے جو پاکستانی روپوں میں 35 کروڑ 67 لاکھ 67 ہزار بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ میں شامل دیگر ٹیموں پر بھی ڈالرز کی برسات کی گئی ہے۔