قومی نیٹ بال چیمپئن شپ میں مردوں کا ٹائٹل پاکستان آرمی اور
خواتین کا کوسمپولیٹن نیٹ بال اکیڈمی نے جیت لیا۔
اسلام آباد (نوازگوھر) قومی نیٹ بال چیمپئن شپ میں مردوں کا ٹائٹل پاکستان آرمی اور خواتین کا کوسمپولیٹن نیٹ بال اکیڈمی نے جیت لیا
جبکہ مردوں کے ایونٹ میں پاکستان نیوی نے دوسری اور پاکستان واپڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کے مقابلوں میں پاکستان آرمی نے دوسری اور سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سرپرست اعلی کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال، چیئرمین مدثر آرائیں، صدر ثمین ملک،
وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ڈپٹی سیکرٹری قیصر خٹک، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام، ڈائریکٹر فدا محمد خان، آرگنائزنگ سیکرٹری ریاض احمد کے علاوہ شائقینِ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کئے۔گزشتہ روز لیاقت جمنازیم میں مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں تیسری پوزیشن اور فائنل پوزیشن کے میچز کھیلے گئے۔
مردوں کے فائنل میچ میں پاکستان آرمی نے پاکستان نیوی کو 19-29 گول سے ہرا کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان واپڈا نے پاکستان پولیس کو 9-47 گول ہرا دیا۔
خواتین کے مقابلوں میں کوسمپولیٹن نیٹ بال اکیڈمی نے پاکستان آرمی کو 19-21 گول سے ہرا دیا۔ تیسری پوزیشن کے کھیلے گئے میچ میں سندھ نے پنجاب کو 9-28 گول سے ہرا دیا۔