پی سی بی کا "2024-25” پاکستانی ٹیم کے ملکی و غیر ملکی انٹرنیشنل سیزن کے شیڈول کا اعلان

پی سی بی نے 2024-25 کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔

پاکستان ، سیزن میں بنگلہ دیش۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا۔

نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

یہ 21 سال میں پاکستان کی پہلی سہ فریقی ون ڈے سیریز ہوگی۔

لاہور 5 جولائی 2024۔  پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج 2024-25 مینز ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان ہوم گراؤنڈ پر بنگلا دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 ٹیسٹ میچز کھیلے گا، یہ ٹیسٹ میچز کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز بنگلا دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا جو راولپنڈی میں 21 سے 25 اگست تک اور کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

پاکستان انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا جو ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر، کراچی میں 15 سے 19 اکتوبر اور راولپنڈی میں 24 سے 28 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی میں 16 سے 20 جنوری اور ملتان میں 24 سے 28 جنوری تک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

پاکستان 21 سال میں پہلی بار سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گا،

سہ فریقی سیریز میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی، سہ فریقی ون ڈے سیریز کے تمام میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز ملتان میں 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی۔

علاوہ ازیں پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس سال کے آخر میں آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔

قومی ٹیم کے غیر ملکی دورے ؛ ہوم انٹرنیشنل میچز کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جہاں وہ 4 نومبر سے 7 جنوری کے دوران 2 ٹیسٹ، 9 ون ڈے اور 9 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی

جبکہ ون ڈے میچوں کی تعداد چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر بڑھ سکتی ہے۔

دورہ آسٹریلیا ؛ قومی ٹیم 4 نومبرکو آسٹریلیا کیخلاف پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میلبرن، 8 نومبرکو دوسرا ون ڈے ایڈیلیڈاور 10 نومبرکو تیسرا ایک روز میچ پرتھ میں کھیلے گی۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آغاز 14 نومبر سے ہوگا جس کا پہلا میچ برسبین میں کھیلا جائے گا،دوسرے میچ میں قومی ٹیم 16 نومبر کو سڈنی کے گراؤنڈ میں کینگروز کا مقابلہ کرے گی، اسی طرح 18 نومبرکو تیسرا ٹی 20 انٹرنیشنل ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔

زمبابوے کیخلاف سیریز ؛ پی سی بی کے مطابق پاکستانی ٹیم دورہ زمبابوے میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جہاں 24 نومبرکودونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل بولاوایو میں ہوگا۔

26 نومبر کودوسرا اور28 نومبر کو تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل بھی بولاوایو میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ یکم دسمبر سے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آغاز ہو گا۔

پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں ٹی 20 سیریز میں بھی بولاوایو میں ہی مدمقابل ہوں گی جہاں سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر،دوسرا ٹی 20 میچ 3 دسمبر جبکہ تیسرا اور آخری مقابلہ 5 دسمبرکو ہو گا۔

دورہ جنوبی افریقہ ؛ پی سی بی کے شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کے دوران 3 ٹی 20 انٹرنیشنل، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سریز کا آغاز 10 دسمبر سے پہلے ٹی 20 میچ سے ہوگاجو ڈربن میں کھیلا جائے گا ،دوسرا میچ 13 دسمبر کو سنچورین جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 مقابلہ 14 دسمبر کو جوہانسبرگ میں ہو گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 17 دسمبر سے پارل سٹیڈیم میں پہلے ون ڈے میچ میں مدمقابل آئیں گی جبکہ دوسرا میچ 19 دسمبر کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا اور تیسرے ون ڈے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان 22 دسمبر کو جوہانسبرگ میں جوڑے پڑے گا۔

شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26تا 30 دسمبرسنچورین جبکہ دوسرا پانچ روزہ میچ 3 تا 7 جنوری کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

غیرملکی شائقین آئیں، کرکٹ سے لطف اندوز ہوں:محسن نقوی ؛

محسن نقوی نے کہا "ہوم انٹرنیشنل میچوں کے مکمل شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ہم اپنے پرجوش مقامی اور سفر کرنے والے کرکٹ کے شائقین کو ان کی تعطیلات کی منصوبہ بندی کے لیے مدعو اور حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔

وہ نہ صرف دلچسپ کرکٹ سے محظوظ ہوں گے بلکہ انہیں اس خوبصورت ملک کی سیر کرنے کا موقع بھی ملے گا جس کے پاس پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے ” آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے قبل پانچ کرکٹ کھیلنے والے اہم ممالک کی ٹیموں کے دورے جس کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں سات ممالک کی شرکت یعنی ان آٹھ ماہ میں بارہ ٹیموں کی میزبانی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی اہمیت اور قد کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

ہم ان ٹیموں اور کھلاڑیوں کی شرکت کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو ہمارے میدانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور مسابقتی جذبہ لائے گی۔ یہ میچ صرف کھیلوں کے مقابلے نہیں ہیں،

یہ ہماری قوم کی کھیل سے ہماری محبت او ہمارے عزم کا ثبوت ہیں۔ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے اور کھیل کے فروغ اور ترقی میں آئی سی سی اور اس کے تمام اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پی سی بی اور پاکستانی کرکٹ شائقین کی جانب سے، میں اگلے آٹھ مہینوں میں تمام شرکاء کا خیرمقدم کرنے کا منتظر ہوں۔

آئی سی سی ، چیمپئنز ٹرافی 2025 کی مزید تفصیلات کا مقررہ وقت پر اعلان کرے گی۔ 

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے” ہمارے لیے 2024-25 کے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کو حتمی شکل دینا اور اس کا اعلان کرنا انتہائی اہم تھا۔

یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ مردوں کی کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ اور پی سی بی ایونٹ اسٹاف کے پاس ان سیریز کی تیاری، منصوبہ بندی اور ہماری بہت زیادہ توقعات اور معیار پر پورا اترنے کے لیے کافی وقت ہے

جس سے پاکستان کے ایک بہترین کرکٹ قوم اور پی سی بی کے ایک مکمل پیشہ ور ادارے کی مکمل عکاسی ہوتی ہے۔

error: Content is protected !!