اسپین نے انگلینڈ کو شکست دے کر ایک مرتبہ پھر یورپین فٹبال کی حکمرانی اپنے نام کرلی ہے۔
یورو کپ 2024 کے فائنل میں 2-1 کی فتح کے ساتھ اسپین سب سے زیادہ 4 مرتبہ یورو کپ جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ہونے والے فائنل کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی لیکن دوسرے ہاف میں کھیل میں تیزی آئی اور دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر حملے کیے۔
47ویں منٹ میں نکو ویلیمز نے گول کرکے اسپین کر برتری دلائی جسے 73 ویں منٹ میں انگلینڈ کے کول پالمر نے گول کرکے برابر کردیا۔
کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر قبل مکل اورزیبال نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ایک بار پھر اسپین کو برتری دلائی۔ 86ویں منٹ میں ہونیوالا اسپین کا دوسرا گول فیصلہ کن گول ثابت ہوا جس کے ساتھ ہی اسپین یورو 2024 کا چیمپئن بن گیا۔
یہ اسپین کا چوتھا یورو ٹائٹل ہے، جس کے بعد اسپین سب سے زیادہ یورپین چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے، جبکہ انگلینڈ بھی مسلسل 2 یورو فائنل ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔