پیرس اولمپکس ؛ پاکستانی ایتھلیٹس کا پہلا گروپ آج فرانس روانہ ہوگا

پیرس اولپمکس میں پاکستان کا 18 رکنی دستہ ملک کی نمائندگی کرے گا جس کا پہلا گروپ آج (جمعہ کو) فرانس روانہ ہوگا۔

پیرس کے لیے روانہ ہونے والے پہلے گروپ میں 3 شوٹرز اور 2 آفیشلز شامل ہیں۔ پاکستان کی شوٹنگ ٹیم میں کشمالہ طلعت، غلام مصطفیٰ بشیر اور گلفام جوزف شامل ہیں۔

تیراکی کی ٹیم میں جہاں آرا اور جیولین تھرو میں حصہ لینے والے اتھلیٹ ارشد ندیم افتتاحی تقریب میں قومی دستے کی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ 26 جولائی سے فرانس کے شہر پیرس میں شروع ہونے والی اولمپک گیمز کے لیے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے گزشتہ ہفتے 18 رکنی دستے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستانی دستے میں 7 اتھلیٹس اور 11 آفیشلز شامل ہیں۔ پاکستانی کھلاڑی شوٹنگ، سوئمنگ اور اتھلیٹکس میں حصہ لیں گے۔ محمد شفیق چیف ڈی مشن، جاوید لودھی ڈپٹی چیف ڈی مشن اور زینب شوکت ایڈمن آفیشل ہوں گی۔

اتھلیٹکس میں ارشد ندیم اور فائقہ ریاض کے ساتھ کوچ سلمان اقبال بٹ اور ڈاکٹر علی باجوہ بھی ہوں گے۔ شوٹنگ میں غلام مصطفیٰ بشیر، کشمالہ طلعت اور گلفام جوزف کے ساتھ 2 کوچز ہوں گے۔

سوئمنگ میں احمد درانی اور جہاں آرا کے ساتھ احمد علی ٹیم آفیشل ہوں گے۔ میثاق رضوی چیف میڈیکل اور رضوان احمد ویلفیئر آفیسر ہوں گے جبکہ فرانس میں پاکستانی سفارت خانے کے کاشف جمیل اولمپک اتاشی ہوں گے۔

تعارف: News Editor

error: Content is protected !!