ناروے کپ 2024 ،
قومی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کا فائنل تربیتی کیمپ 21 جولائی سے اسلام آباد میں شروع ہوگا
کیمپ میں قومی ٹیم کےفائنل اسکواڈ کا انتخاب کیا جائے گا،
ٹیم 25 جولائی کو اوسلو روانہ ہو گی
تربیتی کیمپ اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں 21 جولائی سے 25 جولائی تک جاری رہے گا جس میں ناروے کپ 2024 کے لیے سکواڈ کا انتخاب فائنل کیا جائے گا۔
ٹیم ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے 25 جولائی کو ناروے کے لیے روانہ ہوگی اس سے قبل پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ماہ ملک بھر میں ناروے کپ کے لیے ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔
ناروے کپ کا انعقاد 27 جولائی سے 3 اگست تک ناروے کے شہر اوسلو میں ہوگا۔ پاکستان سٹریٹ چائلڈ ٹیم پانچویں مرتبہ میگا ایونٹ میں شرکت کر رہی ہے۔
قومی ٹیم نے ناروے کپ 2015 میں دوسری اور 2016 میں تیسری، 2023 میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
یاد رہے گزشتہ سال ناروے کپ میں پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم رہی تھی۔
2022 میں قطر میں ہونے والے سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں قومی ٹیم گروپ میچز میں ناقابل شکست رہی تھی،
تاہم پاکستان ٹیم کو فیصلہ کن معرکے میں مصر کے خلاف 3-4 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ خیال رہے کہ پاکستان ٹیم سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ 2018 روس میں بھی رنر اپ تھی جبکہ 2014 برازیل میں وہ تیسرے نمبر پر رہی تھی۔