افغانستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں اپنی شرکت سے متعلق پاکستان کو آگاہ کردیا۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین واعظ اشرف اور نصیب خان نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی۔
میٹنگ کے دوران افغان بورڈ کے اعلیٰ حکام نے 2025 چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان ٹیم کی شرکت کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہماری ٹیم پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے میزبان ملک جائے گی۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اکاؤنٹس کے ذریعے خبریں پھیلائی جا رہی تھیں کہ بھارت کی طرح افغان ٹیم میں سکیورٹی خدشات کے باعث چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان کا رخ نہیں کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی نے چمپیئنز ٹرافی کا بجٹ بھی منظور کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا بجٹ بغیر کسی تشویش کے منظور ہوگیا، بھارت یا کسی ملک نے ہائی برڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے میچ پاکستان سے باہر لے جانے پر بھی آئی سی سی میٹنگ میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ چیئرمین پی سی بی کو میٹنگ کے بعد یقین ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آکر میچ کھیلے گی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کے اس اجلاس میں مختلف بورڈ کے سربراہان موجودہ تھے۔ پاکستان کی طرف سے محسن نقوی اور چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر نے اجلاس میں شرکت کی۔