چھکوں کے بغیر کرکٹ کے رنگ پھیکے پڑ جاتے ہیں لیکن برطانیہ کے ایک تاریخی کرکٹ کلب نے کھلاڑیوں کو چھکے لگانے سے منع کردیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ پابندی عائد کردی ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق، برطانیہ کے تاریخی ساؤتھ وک اینڈ شورہم کرکٹ کلب نے کھلاڑیوں پر چھکے مارنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، تاریخی کھیل کے قوانین کو ہمسائیوں کی شکایات پر تبدیل کیا جارہا ہے کیونکہ ہمسائیوں نے شکایت کی تھی کہ بیٹرز کی ہٹنگ سے ان کے گھروں کی کھڑکیوں، کاروں اور شیڈز کو نقصان پہنچ رہا ہے اور حتیٰ کہ گیندیں گراؤنڈ سے باہر لوگوں کو آکر لگتی ہیں۔
ساؤتھ وک اینڈ شورہم کرکٹ کلب 1790ء میں قائم کیا گیا تھا۔ تقریباً ڈیڑھ صدی بعد اب اس گراؤنڈ میں کھیل کے قوانین تبدیل کیے جارہے ہیں۔ نئے قانون کے مطابق، پہلے چھکے پر کوئی رن نہیں ملے گا، دوسرا چھکا مارنے پر بیٹر کو آؤٹ قرار دے دیا جائے گا۔