شاہنواز دھانی پاکستان شاہینز کے ڈارون ٹور سے باہر ہوگئے۔
کمر کی تکلیف میں مبتلا، دھانی کے کور کے طور پر مبصرخان وائٹ بال اسکواڈ میں شامل ۔
فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کمر کی تکلیف میں مبتلا ، ڈارون ٹور سے باہر۔
پاکستان واپسی پر میڈیکل پینل ان کی انجری کو نوعیت کا جائزہ لے گا۔
آل راؤنڈر مبصر خان کو وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔
فاسٹ بولر خرم شہزاد دو ون ڈے میچوں میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہونگے۔
پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ جمعہ سے شروع ہوگا۔
پہلا میچ پاکستان شاہینز نے 148 رنز سے جیتا تھا۔
پاکستان شاہینز ڈارون میں دو ون ڈے میچز اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لے گی۔
ڈارون، 25 جولائی 2024:
فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کمر کی تکلیف کے سبب پاکستان شاہینز کے ڈارون ٹور سے باہر ہو گئے ہیں۔ دھانی جمعہ سے بنگلہ دیش اے کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے چار روزہ میچ اور ڈارون ٹور کے وائٹ بال مرحلے میں حصہ نہیں لے پائیں گے جس میں دو ایک روزہ میچ اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز شامل ہے۔
بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں چار وکٹیں لینے والے 25 سالہ شاہنواز دھانی فوری طور پر پاکستان واپس آئیں گے اور بحالی کا عمل شروع کرنے سے قبل پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کا جائزہ لے گا۔
اسپن بولنگ آل راؤنڈر مبصر خان کو دھانی کے کور کے طور پر وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
خرم شہزاد جنہیں بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچوں کی سیریز مکمل ہونے کے بعد وطن واپس آنا تھا اب وہ 4 اور 6 اگست کو ناردن ٹیریٹری اسٹرائیک اور بنگلہ دیش اے کے خلاف دو ایک روزہ میچوں میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔