یو بی ایل نے دونوںمیچوں میںگوادر کرکٹ اکیڈمی کو شکست دیدی
مہمان ٹیم نے ٹیسٹ ایمپائر سلیم بدر،
کوچ طاہر رشیداورمنہاج احمد کو گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بروشر پیش کیے
لاہور( سپورٹس رپورٹر) یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی نے گوادر کرکٹ اکیڈمی کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی ۔مہمان ٹیم کے سہیل ولی مین آف دی میچ قرارپائے۔
دوسرے میچ میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کویو بی ایل کرکٹ اکیڈمی گرین کے ہاتھوں 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میزبان ٹیم کے محمد رضوان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے ٹیسٹ ایمپائر سلیم بدر، کوچ طاہر رشیداور منہاج احمد کو گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بروشر بطور سونیئر پیش کیے گئے۔
یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی کی مینجمنٹ کی جانب سے گوادر کرکٹ اکیڈمی کے کپتان فاروق سلیمان اوربانی صدر حنیف حسین کو یادگار ی ٹرافیاں دی گئیں۔
ٹیسٹ ایمپائر سلیم بدر نے گوادر کے ینگ ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اہم ترین کردار ادا کرنے پر حنیف حسین ، عبدالحمید رشیداور میر ثنا اللہ کو خراج تحسین پیش کیا اور گوادر کرکٹ اکیڈمی کے نوجوان کھلاڑیوں کے کھیل اور اسپورٹس مین سپرٹ کی خوب تعریف کی۔
تفصیلات کے مطابق یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے پہلے میچ میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کے کپتان فاروق سلیمان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔نوجوان آل راونڈر شعیب رفیق نے 15 گیندوں 31 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین سہیل ولی نے گراﺅنڈ کے چاروںجانب دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے34 گیندوں پر 65 رنز کی قابل دید اننگ کھیلی۔
یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی کی طرف سے رحمان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی نے 18 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ اکرم 54 ،زین 23 اور بلال 18 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔
گوادر کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے طفیل قادر اور منیر نے دو دو کھلاڑی آﺅٹ کئے ۔ دوسرا میچ میں یوبی ایل کرکٹ اکیڈمی گرین اور گوادر کرکٹ اکیڈمی کے مابین یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا ۔
یوبی ایل کرکٹ اکیڈمی گرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔محمد رضوان نے شاندار 53 رنز کی اننگ کھیلی ۔
فاروق سلیمان اورطفیل قادر نے دو دو کھلاڑیوں کو پوئلین کی راہ دکھائی جبکہ منیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 131 رنز بنا سکی۔
شہے مرید 23 اورسہیل ولی 20 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے عمر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔