عمان کے فاسٹ باؤلر بلال خان نے شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا

 عمان کے فاسٹ باؤلر بلال خان نے ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

بلال خان پاکستان کے شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر بن گئے۔

پشاور میں پیدا ہونے والے 37 سالہ میڈیم پیسر بلال خان نے یہ اعزاز اومان اور نمیبیا کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے میچ کے دوران حاصل کیا۔

بلال نے نمیبیا کے خلاف اپنے مقررہ 10 اوورز میں 50 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جس کے بعد ان کی 49 ون ڈے میچوں میں 101 وکٹیں ہو گئیں۔

شاہین آفریدی نے 2023 کے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے کیریئر کے 51 ویں ون ڈے میں 100 وکٹیں مکمل کی تھیں۔ جس کے بعد وہ اس فارمیٹ میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری کرنے والے فاسٹ باؤلر بنے تھے۔

واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ نیپال کے اسپنر سندیپ لمیچانے کے پاس ہے جنہوں نے 42 میچز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کی تھی۔

تعارف: News Editor