سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی سے کھیلوں کی مختلف فیڈریشن کے عہدیداران کی ملاقات
ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے آئی پی سی، پی ایس بی اور فیڈریشنز کے باہمی رابطے کو مزید موثربنایا جائے گا
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)
وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کے سنہری دور کی واپسی کیلئے حکومت اور فیڈریشنز کے ساتھ ساتھ پرائیوٹ سیکٹرز کی شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے
نوجوان کھلاڑیوں کوگراس روٹ لیول سے کھیلوں کی جدیدتربیت فراہم کرکے ہی ہم عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کرسکتے ہیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کوچنگ سینٹر کراچی میں کھیلوں کی مختلف فیڈریشنز کے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر کیا
پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی (ٹریننگ) شاہد اسلام،پاکستان ا سنوکر فیڈ ریشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ، اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئر پرسن رونق لاکھانی،
ویمن فٹبال کی بانی و سابق صوبائی وزیر روبینہ عرفان، سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کے صدر آصف عظیم، جوجسٹو فیڈریشن کے سیکریٹری محمد طارق، سیلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری کمانڈر اکرم طارق،
باڈی بلڈنگ فیڈریشن سے سہیل انور، پاکستان والی بال فیڈ ریشن کے سیکریٹری شاہ نعیم ظفر، شاہد مسعود اور پی ایس بی کو چنگ سینٹر کراچی کے ڈائریکٹر چوہدری عمران یوسف بھی میٹنگ میں شریک تھے
فیڈریشنز کے عہدیداران نے اپنی کارکردگی اور درپیش مسائل سے وفاقی سیکریٹری آئی پی سی ندیم ارشاد کیانی کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کے لیے وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ،
پاکستان سپورٹس بورڈ اور فیڈریشنز کے باہمی رابطے کو مزید موثر بنانے اور آپس میں معلومات کے تبادلہ کیلئے جلد ایک لائحہ عمل بنانے کی ضرورت پر زور دیا
جس پر وفاقی سیکریٹری ندیم ارشاد کیانی نے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک پورٹل ترتیب دیا جائے
جس میں ملک کے طول و عرض میں وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکومتوں کے تعاون سے چلنے والے کھیلوں کے میدان اور سہولیات کی معلومات جمع کی جائیں
تا کہ اگر کسی کو بھی ملک کے کسی بھی حصہ میں کوئی پروگرام منعقد کروانا ہو تو وہاں موجود کھیلوں کی سہولیات کے بارے میں تمام معلومات حاصل کر سکیں
دریں اثناء وفاقی سیکریٹری ندیم ارشاد کیانی نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود کھیلوں کی سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی