قومی ویمن کپتان ندا ڈار نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ ہم میچ کو آخری گیند تک لے کر گئے لیکن جیت نہ سکے تاہم نتیجے سے قطع نظر دیکھیں تو ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی، نوجوان کھلاڑیوں نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔
ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گل فیروزہ اور منیبہ علی کی اننگز قابل ذکر رہی ہیں ،باؤلنگ میں نوجوان باؤلرز عروب اور طوبیٰ بہت اچھی باؤلنگ کرتی آئی ہیں۔
ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ٹاپ کلاس باؤلرز میں سعدیہ اور نشرہ موجود تھیں، ہم نے اپنی بھرپور صلاحیت دکھائی،مجموعی طور پر ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے لیکن ہمیں اپنی فٹنس بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
قومی ویمن کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں جو پلان دیے گئے ہم نے ان پر عمل کرنے کی کوشش کی،کھلاڑیوں نے سیمی فائنل میں فائٹنگ سپرٹ دکھائی ہے، اس ٹورنامنٹ سے ہمیں ورلڈ کپ کی اچھی تیاری ملی ہے۔