پیرس کے مشہور دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب سے اولمپکس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔
205 ممالک کے دستوں کی کشتیوں کے ذریعے دریائے سین میں آمد ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانسیسی صدر نے پیرس اولمپکس کے آغاز کا اعلان کیا۔ مشعل فرانس کے جوڈو کاٹیڈی رینر اور اسپرنٹر میری ہوزے پیرک نے مشعل روشن کی۔
پیرس اولمپکس کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پیرس کے مشہور دریائے سین میں تقریباً 10 ہزار 714 ایتھلیٹس کی 94 کشتیوں کے 3.5 میل طویل بیڑے پر غیر روایتی انداز میں آمد ہوئیں۔
اولمپکس کی 128 سالہ تاریخ میں پہلی بار افتتاحی تقریب دریا میں ہوئی۔ 205 ممالک کے 10 ہزار 714 ایتھلیٹس اولمپکس میں شریک ہیں۔ پیرس اولمپکس کی مشعل بھی روشن کردی گئی ہے۔
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں خوبصورت مناظر اور دل کو چھو لینے والی موسیقی کے ساتھ مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا اور فلم ٹائی ٹینک کا ٹائٹل سانگ گانے والی گلوکارہ سیلین ڈیان نے آواز کا جادو جگایا، افتتاحی تقریب میں 3 ہزار کے لگ بھگ فنکاروں نے پرفارم کیا۔
افتتاحی تقریب کے دوران روایتی انداز میں مختلف ملکوں کے دستوں کی آمد ہوئی، ایک کشتی پر دیگر 4 ممالک کے دستوں کے ہمراہ پاکستانی دستے کی آمد ہوئی، پاکستانی دستہ نیوزی لینڈ، عمان، یوگنڈا اور ازبکستان کے ساتھ آیا۔
افتتاحی تقریب کے اختتام پر گارڈز نے ایفل ٹاور کے قریب ٹروکیڈرو سکوائر میں ایک کھمبے پر اپنے پانچ اولمپک رنگز کے ساتھ جھنڈا اٹھایا۔ بدقسمتی سے علامت کے نچلے دو رنگز اوپر کی طرف مڑ گئے۔ اصل میں اولمپکس کے جھنڈے میں تین رنگز اوپر جبکہ دو رنگز ان کے نیچے ہوتے ہیں۔
26 جولائی کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سمر اولمپک گیمز کے 33ویں ایڈیشن کا افتتاح دریائے سین پر ایک بہت بڑی تقریب کے ساتھ ہوا۔
افتتاحی تقریب طویل تین گھنٹے 45 منٹ تک جاری رہی۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ابتدائی طور پر پیرس میں افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے عالمی رہنماؤں کا استقبال کیا۔
پاکستانی دستے کی آمد کے موقع پر جیولین تھروور ارشد ندیم نے سبز ہلالی پرچم تھاما ہوا تھا، اُن کے ساتھ ایتھیلٹ فائقہ ریاض، سوئمرز جہاں آرا نبی، احمد درانی اور آفیشلز موجود تھے۔
پاکستانی شوٹرز کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور جی ایم بشیر ایونٹ کے مقام سے قریباً ساڑھے 3 گھنٹے کی مسافت کی وجہ سے افتتاحی تقریب میں شریک نہیں ہوسکے۔
2024 اولمپکس 1924 کے بعد پہلی بار پیرس میں کھیلے جائیں گے، یوں قریباً ایک صدی بعد پیرس ان اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سے قبل 1900 اور 1924 میں اس نے اولمپکس کی میزبانی کی تھی۔
پیرس نے 3 بار اولمپکس کی میزبانی کرنے والے دوسرے شہر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل لندن نے 1908، 1948 اور 2012 میں میزبانی کی تھی۔
پیرس اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب کسی اسٹیڈیم میں نہیں بلکہ فرانس کے دارالحکومت پیرس کے مشہور دریائے سین کے ساتھ 6 کلومیٹر طویل راستے پر منعقد ہوئی، یہ فاصلہ آسٹرلٹز پل سے شروع ہو کر ایفل ٹاور کے زیرِ سایہ ٹروکیڈیرو میں باغات، فواروں اور محلات کے درمیان ختم ہوا۔
قریباً 32 کھیل اس ایونٹ میں شامل ہیں اور ایونٹ کے متعدد کھیل فرانس کے دیگر 16 شہروں میں بھی ہوں گے۔
اس ایونٹ کی ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ یہ پہلا اولمپکس ہوگا جس میں مرد اور خواتین ایتھلیٹس کی تعداد برابر ہوگی، 10 ہزار 500 کھلاڑیوں میں سے 5 ہزار 250 مرد اور 5 ہزار 250 ہی خواتین شامل ہیں ۔
واضح رہے کہ پیرس 26 جولائی سے 11 اگست تک سمر اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے، اس دوران 32 مختلف کھیلوں کے 329 ایونٹس منعقد ہوں گے جس میں دنیا بھر سے 10 ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔