دوسرا چار روزہ میچ : پاکستان شاہینز کو میچ جیتنے کے لیے 296 رنز کا ہدف ۔
دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر136 رنز بنالیے۔
جیتنے کے لیے مزید 160 رنز دکار ہیں۔
صاحبزادہ فرحان 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ۔
محمد علی کی عمدہ بولنگ ، چھ وکٹیں حاصل کر ڈالیں۔
———————————————–
ڈارون 28 جولائی۔ پاکستان شاہینز کو بنگلہ دیش اے کے خلاف دوسرا چار روزہ میچ جیتنے کے لیے 296 رنز کا ہدف ملا ہے ۔ اس نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں پر 136 رنز بنالیے تھے۔ اس طرح اسے جیت کے لیے مزید 160رنز درکار ہیں اور اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔
آج کے کھیل کی خاص بات فاسٹ بولر محمد علی کی چھ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی اور پھر اوپنر صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ نصف سنچری تھی۔
بنگلہ دیش اے نے تیسرے دن 84 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز شروع کی اور پوری ٹیم 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
محمود الحسن جوئے گیارہ چوکوں کی مدد سے 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔آُئچ ملا نے 58 رنز کی اننگز کھیلی جس میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان دونوں نے پہلی اننگز میں بھی نصف سنچریاں بنائی تھیں۔
پاکستان بولرز نے آج عمدہ بولنگ کرکے بنگلہ دیش اے کی7 وکٹیں132 رنز کے اضافے پر حاصل کرڈالیں۔
محمد علی نے 63 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔خرم شہزاد نے 67 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان شاہینز کی دوسری اننگز میں صاحبزادہ فرحان اور حسیب اللہ نے ٹیم کو96 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔
صاحبزادہ فرحان نے دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے68 رنز بنائے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کامران غلام اور عمرامین فوراً آوٹ ہوگئے دونوں بیٹرز کوئی رن نہ بنا سکے۔عرفان خان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کھیل کے اختتام پر حسیب اللہ 44 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
بنگلہ دیش اے کی طرف سے رجاء الرحمن راجہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
مختصر اسکور۔ بنگلہ دیش اے پہلی اننگز۔ 258 رنز ( محمود الحسن جوئے69 ۔ آئچ ملا 54۔ خرم شہزاد 69 / 3 وکٹ۔)
اور دوسری اننگز۔216 ( محمود الحسن جوئے 65۔ آئچ ملا 58۔ محمد علی 63 / 6 وکٹ ۔ خرم شہزاد 67 / 3 وکٹ )
پاکستان شاہینز پہلی اننگز 179 ( کامران غلام 48 ۔ رپون مونڈل 71 / 4 وکٹ )
اور دوسری اننگز 136 رنز4 کھلاڑی آؤٹ ( صاحبزادہ فرحان 68۔ حیسب اللہ 44 ناٹ آؤٹ )