اولمپکس مقابلوں میں انڈین شوٹرز منو بھاکر اور سربجوت سنگھ نے انڈیا کے لیے دوسرا کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔
منگل کو 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں منو بھاکر اور سربجوت سنگھ نے جنوبی کوریا کی ونہو لی اور جن یی اوہ کو 16-10 سے ہرا کر انڈیا کے لیے دوسرا تمغہ جیتا۔
مانو بھاکر اولمپکس کی تاریخ میں ایک ہی ایونٹ میں دوسرا تمغہ جیتنے والی پہلی انڈین کھلاڑی ہیں
اس سے قبل اتوار کو شوٹر منو بھاکر نے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا جو کہ پیرس اولمپکس میں انڈیا کی پہلی کامیابی تھی۔
منو بھاکر گذشتہ 20 سالوں میں انفرادی ایونٹ میں اولمپکس فائنل میں پہنچنے والی انڈیا کی پہلی خاتون شوٹر بن گئی تھیں۔ اس سے قبل 2004 سوُما شرور نے یونان کے دارالحکومت میں منعقدہ ایتھنز اولمپکس میں 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی تھی۔
دوسری جانب منو بھاکر کے ساتھ سربجوت سنگھ اب اولمپکس میں تمغہ جیتنے والے انڈیا کے چھٹے شوٹر بن گئے ہیں۔ 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم کے کوالیفکیشن راؤنڈ میں مانو اور سربجوت نے کل 580 پوائنٹس اور 20 پرفیکٹ شاٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
واضح رہے اولمپکس کی تاریخ میں مجموعی طور پر انڈیا کا یہ چھٹا شوٹنگ میڈل ہے۔