پیرس اولمپکس ؛ جاپان 6 طلائی تمغوں کے ساتھ بدستور سر فہرست

پیرس اولمپکس 2024 میں تمغوں کی جنگ جاری ہے

چین نے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے چھٹی سے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس 2024 کے مقابلے فرانس کے شہر پیرس میں جاری ہیں

تمغوں کی جنگ میں جاپان 6 طلائی تمغوں کے ساتھ بدستور سر فہرست ہے جب کہ چین نے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے پانچ طلائی تمغوں کے ساتھ چھٹی سے دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

پیرس اولمپکس کے چوتھے روز جاپان 6 طلائی، 2 چاندی اور 4 کانسی کے تمغوں کے ساتھ میڈلز فہرست میں بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جب کہ چین نے 5 گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔

آسٹریلیا جس نے اولمپکس کے تیسرے دن چار گولڈ میڈل کے ساتھ دوسری پوزیشن پر اختتام کیا تھا اب پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔ اس فہرست میں کوریا کی تیسری اور میزبان فرانس کی چوتھی پوزیشن ہے۔

برطانیہ نے بھی گولڈ میڈلز کا کھاتہ کھول لیا، جرمن رائیڈر مائیکل نے کیریئر کا تیسرا اولمپک گولڈ میڈل جیت کر ایکسوٹرئین میں نیا ریکارڈ بنا دیا۔

اس اولمپکس میں اب تک 22 سے زائد ممالک اپنے میڈلز کا کھاتہ کھول چکے ہیں تاہم پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔

شوٹنگ اور تیراکی کے مقابلوں میں ناکامی کے بعد اب امید کی کرن جیولین تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم ہیں جو 6 اگست کو نیزہ بازی کے میدان میں اتریں گے۔

تعارف: News Editor