پیرس اولمپکس 2024 میں تین نئے اولمپک ریکارڈ بن گئے

پیرس میں جاری اولمپکس 2024 میں چوتھے روز تین نئے اولمپک ریکارڈ بن گئے۔

دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلے پیرس اولمپکس گیمز 2024 جاری ہیں۔ چوتھے روز جہاں اولمپک میں تین نئے ریکارڈ بنے وہیں میڈلز کی دوڑ میں جاپان نے بھی اپنی سبقت برقرار رکھی۔

ایونٹ کے چوتھے روز کے اختتام پر جاپان میڈلز ٹیبل پر سونے کے 7 اور مجموعی طور پر 13 میڈلز کے ساتھ سر فہرست ہے۔ چین کے مجموعی تمغوں کی تعداد جاپان سے زیادہ 14 ہے مگر ان میں گولڈ میڈل 6 ہونے کے باعث دوسری پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔

آسٹریلیا 6 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے، میزبان فرانس چوتھے اور جنوبی کوریا پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

شوٹنگ کے مینز ٹریپ ایونٹ میں برطانیہ کے نیتھن ہیلز نے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیت لیا، اُنہوں نے 48 پوائنٹس اسکور کیے جبکہ سابقہ ریکارڈ چیک ری پبلک کے شوٹر کے پاس تھا جنہوں نے ٹوکیو اولمپک میں 43 پوائنٹس بنائے تھے۔ اس مقابلے میں چین نے چاندی اور گوئٹے مالا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

سوئمنگ کے ویمن 100 میٹر بیک اسٹروک میں آسٹریلوی پیراک کیلی میکیون نے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔ اُنہوں نے ٹوکیو اولمپک میں اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ توڑا، اسی ایونٹ میں چاندی اور کانسی کے تمغے امریکی پیراکوں نے جیتے۔

آئرلینڈ نے سوئمنگ کے مینز آٹھ سو میٹر فری اسٹائل میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، ڈینیئل ویفن نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا، وہ پہلے آئرش پیراک بھی ہیں جنہوں نے اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ اسی ایونٹ میں امریکا نے چاندی اور اٹلی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

امریکا گیمز میں دو دن کے مقابلوں کے بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہا، سونے کا یہ تمغہ امریکا نے وویمن آرٹسٹک جمناسٹک میں حاصل کیا، اس ایونٹ میں اٹلی نے سلور اور برازیل نے برانز میڈل جیتا۔

ٹیبل ٹینس کے مکسڈ ڈبلز میں چین نے شمالی کوریا کو چار دو کے اسکور سے ہرایا، جنوبی کوریا نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا، جوڈو میں مینز کی 81 کلو گرام کیٹیگری میں جاپان کے ناگاسی تاکا نوری نے سونے کا تمغہ جیتا،جارجیا نے چاندی اور تاجکستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ویمن رگبی سیونز میں نیوزی لینڈ نے سونے کا تمغہ جیتا۔ اٹلی نے فینسنگ کے ویمن ایپی ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا۔ جوڈو کی وویمن 63 کلو گرام کیٹیگری میں سلوینیا کی آندریا لسکی نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

تعارف: News Editor