بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور کوچ انشومن گایکواڈ کینسر کے باعث انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انشومن گایکواڈ خون کے کینسر سے زندگی کی طویل جنگ کے بعد گزشتہ روز 71 برس کی عمر میں وفات پاگئے۔ انشومن گایکواڈ گزشتہ ماہ بھارت واپس آنے سے قبل لندن کے کنگز کالج اسپتال میں بلڈ کینسر کا علاج کروا رہے تھے۔
اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سکریٹری جے شاہ نے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشومن گائیکواڑ کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
اس سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کے سکریٹری جے شاہ نے گائیکواڑ کے علاج لیے ایک کروڑ روپے جاری کیے تھے۔
خیال رہے کہ گایکواڈ نے 27 دسمبر 1974 کو کلکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جبکہ اپنا آخری ٹیسٹ میچ بھی کلکتہ میں انگلینڈ کے خلاف 1984 میں کھیلا تھا۔
ریٹائرمنٹ کے بعد انشومن گایکواڈ 1997 سے 2000 تک بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہے۔