ناروے کپ میں قومی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم تیسری پوزیشن کا میچ پنالٹی ککس پر ہار گئی۔
پاکستان کی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کو ناروے کے سوترا کلب نے 5 کے مقابلے 4 گول سے پنالٹی ککس پر شکست دی، میچ مقررہ وقت پر ایک، ایک گول سے برابر رہا
جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیا گیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد جنید نے پہلے ہاف میں ایک گول اسکور کرکے میچ برابر کیا تھا۔
ناروے کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز پاکستانی کھلاڑی محمد کاشف کو دیا گیا، قومی اسٹریٹ چائلڈ ٹیم نے اپنے 8 میچز میں 27 گول اسکور کیے۔
قومی ٹیم اپنے تمام گروپ اسٹیج میچز، پلے آف مرحلے اور کوارٹر فائنل میں ناقابل شکست رہی تھی۔
واضح رہے کہ ناروے کپ کے سیمی فائنل میں قومی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کو ناروے کے فورڈ کلب نے شکست دی تھی۔
ناروے کے فورڈ کلب نے سنسنی خیز مقابلے میں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر قومی اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کو شکست دی تھی، دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں ایک، ایک گول کرسکی تھیں۔
فورڈ کی ٹیم پنالٹی شوٹ آؤٹ پر تین کے مقابلے میں چار گول کرکے فائنل میں پہنچی تھی۔