ناروے کپ انڈر 15 میں پاکستان کی فیوچر پاکستان ٹیم فائنل میں پہنچ گئی،
پاکستانی بچوں نے سیمی فائنل میں ناروے کے واریگ کلب کو شکست دی۔
پاکستان میں فٹبال کا رجحان بڑھ رہا ہے اور پاکستانی کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ناروے کپ انڈر ففٹین میں پاکستان کی فیوچر پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل میں ناروے کے کلب کو تین صفر سے شکست دی۔
میچ جیتنے کے بعد ناروے میں پاکستانی کمیونٹی نے جیت کا جشن منایا، کئی برس سے نظرانداز کھیل پاکستان میں اپنی ساکھ دوبارہ بنا رہا ہے، کئی برس پہلے فٹ بال گلی محلوں میں کھیلا جاتا تھا لیکن رفتہ رفتہ یہ رجحان کم ہوتا گیا اور نوجوان زیادہ کرکٹ کی جانب متوجہ ہونے لگے۔
لیاری اور بلوچستان کی گلیوں سے نمایاں ہونے والے کھیل میں اب پاکستان کی مختلف ٹیمیں بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کر رہی ہیں،ملک میں فٹبال پر سرمایہ کاری اور فٹبال ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے سے پاکستان انٹرنیشنل فٹبال میں اپنی جگہ مضبوط کر سکتا ہے۔
پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے اور پاکستان میں لیگ سسٹم کو فروغ دیا جانا چاہیے،مختلف انٹرنیشنل کلبز کے ماہر کوچز کی مدد سے پاکستان میں فٹبال کی جدید تکنیک سے کھلاڑیوں کو آگاہ کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ انڈر سیونٹین کیٹیگری میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ ٹیم سیمی فائنل میں شکست کھا گئی اب وہ تیسری پوزیشن کیلئے ناروے کے کلب سے مقابلہ کرے گی۔