پاکستان شاہینز نے ون ڈے میں بنگلہ دیش اے کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ ، بنگلہ دیش اے صرف 78 رنز پر آؤٹ
————————————
ڈارون 07 اگست۔
پاکستان شاہینز نے اپنے بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ڈارون ٹور کے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس سے قبل اس نے اتوار کے روز اپنے پہلے ون ڈے میں این ٹی اسٹرائیک کو چار وکٹوں سے ہرایا تھا۔
منگل کو کھیلے گئے میچ میں محمد حارث نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش اے کو بیٹنگ دی ۔ پاکستان شاہینز کے بولرز نے بنگلہ دیش اے کو 24.3 اوورز میں صرف78 رنز پر آؤٹ کردیا۔
پاکستان شاہینز نے 79 رنز کا ہدف 17 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ نے بنگلہ دیش اے کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ پرویز حسین 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
عمران جونیئر تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔
این ٹی اسٹرائیک کے خلاف عمدہ بولنگ کرنے والے جہانداد خان اور مبصر خان نے ایک پھر اچھی بولنگ کرتے ہوئے دو دووکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد بھی دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ انہیں ون ڈے میچوں کے لیے ڈارون میں روک لیا گیا تھا ۔
کپتان محمد حارث نے وکٹ کیپنگ میں تین کیچز کیے۔
پاکستان شاہینز کی اننگز میں صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے رپون مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد عبدالفصیح اور عثمان خان نےدوسری وکٹ کے لیے 48 رنز کا اضافہ کیا۔عبدالفصیح 12 رنز بناکر مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
عثمان خان نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔طیب طاہر17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان شاہینز اب ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لے گی جس میں اس کا پہلا میچ 10 اگست کو پرتھ اسکارچرز سے ہوگا۔
مختصر اسکور ۔
بنگلہ دیش اے 78 رنز ( 24.3 اوورز ) ۔پرویز حسین 19۔عمران جونیئر22 / 3 وکٹ۔مبصرخان 9 / 2 وکٹ۔ جہانداد خان19 / 2 وکٹ ۔ خرم شہزاد 24 / 2وکٹ۔
پاکستان شاہینز 79 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ ( 17اوورز ) ۔عثمان خان39 ناٹ آؤٹ ۔ رپون مونڈل 30 / 2 وکٹ۔
نتیجہ ۔ پاکستان شاہینز نے 8 وکٹوں سے جیتا۔