پیرس اولمپکس میں تمغوں کے حصول کے لیے چین اور امریکا میں ریس جاری ہے
جو بالترتیب 22 اور 21 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔
پیرس اولمپکس کے بارھویں روز چین نے مزید ایک اور طلائی تمغہ حاصل کر کے گولڈ میڈلز کی تعداد 22 کر لی اور میڈلز ٹیبل پر سر فہرست ہے۔ امریکا نے گزشتہ روز دو طلائی تمغے جیتے اور 21 گولڈ میڈل کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔
میڈلز ٹیبل پر آسٹریلیا نے 14 اور میزبان فرانس نے 13 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔
پیرس اولمپکس کے بارھویں روز منگل کو کسی نے ورلڈ ریکارڈ بنایا تو کوئی منزل کے قریب پہنچ کر جیت نہ پایا لیکن میڈلز کے حصول کی دوڑ جاری ہے۔
سوئیڈن کے آرمنڈ ڈوپلانٹس نے پول والٹ میں 6.25 میٹر کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔ وہ 1956 کے بعد پول والٹ میں میڈل برقرار رکھنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
ویمنز 800 میٹر دوڑ میں برطانیہ کی کیلی ہوڈکنسن نے طلائی تمغہ جیت لیا جب کہ ویمنز ٹیم اسپرٹ میں برطانیہ کی ایتھلیٹ چھا گئیں۔
امریکا کی اسٹار ایتھلیٹ سیمون بائلز پیرس اولمپکس میں چوتھا گولڈ میڈل جیتنے سے محروم رہیں۔ وہ بیلنس بیم فائنل میں توازن برقرارنہ رکھ سکیں۔ امریکا کی کیرولین مارکس لہروں کو چیرتی ہوئی گولڈ میڈل جیت گئیں اور سرفنگ میں سب سےنمایاں رہیں۔