ویلڈن۔ ارشد ندیم نے مایوسی اور پریشانی میں مبتلا قوم کو خوش کر دیا
اولمپکس میں جیولین تھرو کا 118 سالہ ریکارڈ توڑ کر پاکستان کو ناقابل شکست بنا دیا۔
قارئین محترم سب سے پہلے پوری قوم کو بہت بہت مبارک ہو کہ اس کی شان، وطن عزیز پاکستان کی شان عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں ناقابل شکست تھرو کر کے پاکستان کو گولڈ میڈل دلا کر وکٹری اسٹینڈ تک پہنچا دیا۔
ارشد ندیم نے مایوسی اور پریشانی میں مبتلا قوم کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر کر بہت بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے اس پر پوری قوم کا ارشد ندیم کو سلام اور ڈھیروں پیار۔۔
قارئین محترم پیرس اولمپکس میں شرکت سے پہلے ارشد ندیم نے بھرپور ٹریننگ کی اور اندرون بیرون ملک ارشد ندیم کر ٹریننگ کی ہر ممکن دستیاب سہولتیں دی گئیں
جس پر پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان ایھلیٹکس فیڈریشن بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے ارشد ندیم کی بھرپور سپورٹ کی اور آج وطن عزیز پاکستان ،پوری قوم کا سر فخر سے دنیا بھر میں بلند ہو گیا ہے
کہ جس کے سپوت نے نہ صرف پیرس اولمپکس میں اپنا ایونٹ جیتا بلکہ اولمپکس کی تاریخ میں سب سے بڑی تھرو کر کے اولمپکس کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا اور 97۔92 میٹر کی ناقابل شکست تھرو کر ڈالی۔
ارشد ندیم نے تقریبا”118 سالہ اولمپکس کا سابقہ ریکارڈ بریک کیا ہے جو کہ اب نا قابل شکست بن چکا ہے۔آج پورے ملک میں تمام شعبۂ ہاۓ زندگی کے لوگ ارشد ندیم کو مبارک بادیں دے رہے ہیں بچہ بچہ خوش ہے ۔شکر ہے خدا کریم کا کہ قوم کو کھیلوں کے حوالے سے کوئی تو بڑی خوش خبری ملی۔
کرکٹ نے بہت مایوس کیا خاص طور پر ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد تو عوام بہت مایوس ہو چکی تھی ہاکی ،فٹبال اور دیگر کھیلوں کا بہت برا حال ہے صرف والی بال میں قوم کو اچھی خبریں مل جاتی ہیں
گزشتہ ہفتے بحرین میں ایشین انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ منعقد ہوئی جس میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایشیا کی مضبوط ٹیموں کو شکست دی اور پاکستان نے اگلے سال ورلڈ انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ کیلۓ بھی کوالیفائی کر لیا ہے
جس پر پوری والی بال ٹیم، پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدی محمد یعقوب،ٹیم کے ہیڈ کوچ سعید احمد اور ٹیم مینجر ایم بی جاوید مبارکباد اور خراج تحسین کے مستحق ہیں۔یاد رہے والی بال کے فروغ اور اندرون و بیرون ملک والی بال ایونٹس میں شرکت کو یقینی بنانے کیلۓ چوہدری محمد یعقوب کی کاوشیں ناقابل فراموش ہیں۔
قارئین محترم ارشد ندیم اور پاکستان انڈر19 والی بال ٹیم نے ملک وقوم کو خوش کر دیا ہے اب حکومت اور پوری قوم کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ ارشد ندیم اور والی بال ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے۔
ارشد ندیم نے پاکستان کیلۓ جو کارنامہ سر انجام دےدیا ہے اس پر حکومت پاکستان کی طرف سے پہلے سے طے شدہ فارمولہ ہے کہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ کو کروڑوں دیۓ جائیں گے
لیکن اب بات اس سے آگے بڑھنی چاہۓ تمام کمرشل نان کمرشل اداروں کو ارشد ندیم اور والی ٹیم کی بھرپور سپورٹ اور حوصلہ افزائی کرنی چاہۓ۔