صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جیولین اسٹار ارشد ندیم کو حکومت پاکستان کی جانب سے دوسرا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہلال امتیاز دینے کی ہدایت کی ہے۔
ہفتہ کے روز ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کھیلوں کے شعبے میں ارشد ندیم کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ایک خصوصی تقریب میں انہیں سول ایوارڈ سے نوازیں گے۔
صدر مملکت کی ہدایت کے بعد ایوان صدر نے کابینہ ڈویژن کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں قومی ہیرو اور ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ایوارڈ دینے کی درخواست کی گئی ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے لکھے گئے خط میں ارشد ندیم کی غیر معمولی کارکردگی پر روشنی ڈالی گئی ہے اور اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ ارشد ندیم نے قوم کا نام روشن کیا ہے۔
عالمی سطح پر ان کی قابل ذکر کامیابیاں قومی فخر کا باعث بن چکی ہیں، ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس کے میدان میں پاکستان کا مقام نمایاں طور پر بلند کیا ہے اور قومی کی برادری میں ملک کا پرچم سربلند کیا ہے۔
صدر مملکت ارشد ندیم کو آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت سول ایوارڈ سے نوازیں گے، جو صدر کو مختلف شعبوں میں شہریوں کی گراں قدر خدمات پر اعزاز دینے کی اجازت دیتا ہے۔
ارشد ندیم نے جمعرات کو پیرس میں اولمپک مردوں کے جیولین ٹائٹل میں دفاعی چیمپیئن نیرج چوپڑا کو شکست دے کر سمر گیمز میں پاکستان کے لیے پہلا انفرادی طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
6 فٹ 3 انچ لمبے قد والے ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تک نیزہ پھینک کر ملک کا نام روشن کیا، اولمپک ریکارڈ کو 2.50 میٹر سے زیادہ نیزہ پھینک کر توڑ ڈالا،
جب ارشد ندیم نے تھرو پھینکی تو گراؤنڈ میں موجود شائقین نے کھڑے ہوکر انہیں داد دی، پاکستانی شائقین نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائے۔