پیرس اولمپکس 2024 کی اختتامی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی فائقہ ریاض کریں گی۔
26 جولائی سے شروع ہونے والے پیرس اولمپکس کا آج آخری روز ہے جس میں واٹر میراتھون، سائیکلنگ، مینز ہینڈبال سمیت مختلف مقابلے کھیلے جائیں گے۔ جس کے بعد اختتامی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے منعقد کی جائے گی۔
اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان کے چیف ڈی مشن محمد شفیق اور چیف میڈیکل آفیسر میثاق رضوی بھی موجود ہوں گے۔ پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب دنیا بھر کے مختلف ممالک کے لیے ایک اہم موقع ہوگا جہاں ایتھلیٹس اپنی جیت کا جشن منائیں گے۔
مختلف ممالک کی نمائندگی انکے ایتھلیٹس کریں گے جبکہ پاکستان کی طرف سے فائقہ ریاض کو قوم کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوگا۔ فائقہ ریاض پیرس اولمپکس میں 100 میٹر کی دوڑ میں شرکت کی تھی جہاں وہ ابتدائی راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ سکی تھیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کی طرف سے پیرس اولمپکس میں 7 کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی جن میں سے 6 وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
اولمپکس میں پاکستان کے لیے واحد گولڈ میڈل ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں حاصل کیا تھا جو گزشتہ روز پیرس سے وطن واپس پہنچے ہیں۔