کراچی ، نیا ناظم آباد جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز

نیا ناظم آباد جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز

پانچ روزہ مقابلوں میں کرکٹ، اسکواش اور بیڈمنٹن سمیت بارہ گیمز شامل ہوں گے، صمد حبیب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی ستتر ویں جشن آزادی کو شاندار انداز میں منانے کے لیے نیا ناظم آباد میں اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز کردیا گیا ہے۔

چودہ اگست تک جاری رہنے والے فیسٹیول میں کھیلوں کی بھرپور سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔ نیا ناظم آباد جمخانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیا ناظم آباد عبدالصمد حبیب نے صحافیوں کو ایونٹ کی تفصیلات بتائیں۔

اس موقع پر قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن حور فواد اور صدر نیا ناظم آباد جمخانہ سید محمد طلحہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ صمد حبیب کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے اسپورٹس سٹی کا تصور پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اولمپک میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل لے کر جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔ سخی حسن سے نیا ناظم آباد تک کی سڑک کو سبز ہلالی پرچم سے بھر دیا گیا ہے۔

جبکہ بھرپور لائٹنگ بھی کی جا رہی ہے۔ نیا ناظم آباد میں جشن آزادی کے موقع پر کرکٹ، فٹبال، بیڈمنٹن ، اسکواش، ٹیبل ٹینس، اسکیٹینگ، سائیکلنگ , سوئمنگ اور باسکٹ بال سمیت بارہ گیمز کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تیرہ اگست کی رات آٹھ بجے سے رنگا رنگ تقریب بھی منعقد ہوگی۔ جس میں معروف پارلیمنٹرین، شوبز اسٹار، ٹک ٹا کرز، یوٹیوبرز اور فیشن ماڈلز کی ٹیمیں کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔

جبکہ رات بارہ بجے دلکش آتش بازی کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام کھیلوں کی سہولیات تیار ہیں جو کہ شہر قائد میں ایک مثبت اضافہ ہے۔ انہیں امید ہے کہ یہاں سے بھی نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

عارف حبیب نے بتایا کہ کھیل دنیا بھر میں ملکوں کی نیک نامی اور مارکیٹنگ کا ذریعہ بنتے ہیں ہمیں بھی اپنے با صلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنی چاہیے۔۔

عارف حبیب کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنے شہر کو سرسبز بنانا ہے۔ عالمی یوم ماحولیات سے شروع ہونے والی شجر کاری مہم چودہ اگست کو بھی جاری رہے گی۔

عارف حبیب نے مزید کہا کہ فیسٹیول میں تمام شہریوں کو اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ انہیں امید ہے کہ شہر بھر سے آنے والے افراد جشن آزادی فیسٹیول کو کامیاب بنائیں گے۔

تعارف: News Editor