کراچی پریس کلب کا ارشد ندیم کو تاحیات رکنیت دینے کا اعلان

کراچی پریس کلب (کے پی سی) نے قومی ہیرو اور پیرس اولمپکس 2024 میں طلائی تمغہ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے نیزہ باز ارشد ندیم کو کو کلب کی تاحیات رکنیت دینے کا اعلان کردیا۔

ہفتے کے روز جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کے پی سی کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی محنت اور لگن سے قوم کا سرفخر سے بلندکیا ہے۔

دونوں عہدیداروں نے کہا کہ ارشد ندیم نے ایک بار پھر اولمپکس گیمز میں پاکستان کا پرچم بلند کیا اور اپنی بھرپور محنت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے لے طلائی تمغہ جیتا ہے۔

کے پی سی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی کامیابی نے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں جس پر پوری قوم ان کو دلی مبارک باد پیش کرتی ہے۔

کلب عہدیداروں نے کہا کہ ارشد ندیم کے تاریخی کارنامے پر انہیں کراچی پریس کلب کی جانب سے لائف ممبر شپ دی جائے گی جس کے لیے جلد ہی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی پریس ایسی شخصیات کو تاحیات رکنیت دیتا ہے جنہوں نے اپنے متعلقہ شعبوں قابل فخر اور نمایاں ترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔

تعارف: News Editor