پیرس اولمپکس رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ ختم ہو گئے،
اولمپک اسٹیڈیم میں شاندار تقریب سجائی گئی،
سینکڑوں فنکاروں نے دلکش پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بھی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔
اسٹیڈ ڈی فرانس میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مختلف ممالک کے ایتھلیٹس اپنے ملک کا پرچم تھامے شریک ہوئے، مارچ پاسٹ کیا، اس کے بعد فنکاروں نے خوب رنگا جمایا۔
اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے 45 ہزار رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس کے بعد میوزک کی جھنکار ہوئی، جس سے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے ساتھ ایتھلیٹس بھی خوب محظوظ ہوئے۔
اسٹیج پر پیرس اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ٹونی اسٹیگوئٹ اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیخ چھ نمایاں ایتھلیٹس کے ساتھ اسٹیج پر آئے۔
اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ٹونی اسٹیگوئٹ نے اپنے خطاب میں ایتھلیٹس اور تھامس بیخ نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور گیمز کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔
تھامس بیخ نے 2028 اولمپکس کے میزبان لاس اینجلس کی میئر کو اولمپک فلیگ دیا جس کے بعد منفرد انداز میں ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کی اسٹیڈیم میں انٹری ہوئی اور وہ اولمپکس فیلگ کے ساتھ روانہ ہوگئے۔
آخر میں تھامس بیخ کے پیرس اولمپکس کے باقاعدہ اختتام کے اعلان کے ساتھ اولمپک فلیم کو بجھا دیا گیا اور دلکش آتش بازی کے ساتھ تقریب بھی ختم ہوئی۔