امریکا نے ایک بار پھر اولمپکس کا تاج اپنے سرپر سجا لیا ہے۔
فرانس کے دارلحکومت پیرس کے اسٹیڈ ڈی اسٹیڈیم میں ’پیرس اولمپکس 2024 ‘ کی مشعل بجھا کر ایتھلیٹس مقابلوں کے اختتام کا اعلان کردیا گیا ہے اورآئندہ اولمپکس 2028 کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے مشعل امریکی ریاست لاس اینجلس کے حوالے کردی گئی ہے۔
پیرس اولمپکس 2024 کا اختتام ہو گیا ہے جس میں امریکا اور چین کے درمیان سونے کے تمغے کی دوڑ پیرس اولمپکس کے فائنل ایونٹ تک بھی جاری رہی،
آخری روز چین امریکا پر طلائی تمغوں کی دوڑ میں اپنی برتری کو برقرار نہ رکھ سکا اور یوں امریکا اور چین دونوں نے طلائی تمغوں کی دوڑ برابری پر ختم کی۔
امریکا اور چین دونوں نے پیرس اولمپکس کے اختتام پر 40 ، 40 طلائی تمغے حاصل کر کے ٹاپ پوزیشن پر رہے جبکہ طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغوں کی دوڑ میں امریکا نے پوری دُنیا کے اتھلیٹس کو پیچھے چھوڑ کر اولمپکس کی دُنیا میں اپنی دھاک بٹھا دی۔
اتوار کو پیرس اولمپکس کے اختتام پر امریکا نے مجموعی طور پر 126 تمغے حاصل کیے ہیں جن میں 40 سونے، 44 چاندی اور 42 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
اسی طرح مجموعی تمغوں کی دوڑ میں چین 91 تمغے حاصل کر کے عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر رہا، چین نے 40 سونے، 27 چاندی اور 24 کانسی کے تمغے حاصل کیے۔
امریکا نے 40 گولڈ، 44 سلور اور 42 برونز میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ،چین 40 گولڈ، 27 سلور اور 24 برونز میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
جاپان نے 20 گولڈ، 12 سلور اور 13 برونز میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن لی،آسٹریلیا 18 گولڈ، 19 سلور اور 16 برونز میڈل کیساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
میزبان فرانس نے 16 گولڈ، 26 سلور اور 22 برونز حاصل کئے اور پانچویں نمبر پر رہا،نیدر لینڈز نے 15، برطانیہ نے 14، جنوبی کوریا نے 13 گولڈ میڈل جیتے۔
اٹلی نے 12، جرمنی نے 12، نیوزی لینڈ نے 10 طلائی تمغے جیتے،پاکستان ایک گولڈ میڈل جیت کر 63 ویں ، بھارت 71 ویں نمبر پر رہا، اس کے حصے میں ایک سلور اور پانچ برونز میڈل آئے۔