ایٹکنسن اور اتھاپاتھو نے آئی سی سی پلیئرز آف دی منتھ کا اعزاز حاصل کر لیا

 انگلینڈ ٹیم کے بولر گس ایٹکنسن اور سری لنکا ویمن ٹیم کی کپتان چماری اتھاپاتھو نے آئی سی سی پلیئرز آف دی منتھ کا اعزاز حاصل کر لیا۔

گزشتہ ماہ جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں انگلش فاسٹ بولر گس ایٹکنسن نے بہترین بولنگ کی تھی۔ انہوں نے ٹیسٹ سیریز میں 16.22 کی اوسط سے 22 وکٹیں حاصل کیں۔

لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں گس ایٹکنسن نے اپنے ڈیبیو میچ میں 45 رنز دے کر 7 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔
سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپاتھو نے اپنی شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو ویمن ایشیا کپ کا ٹائٹل جتوایا۔

سری لنکا ویمن ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ایونٹ کا ٹائٹل پہلی بار اپنے نام کیا تھا۔

چماری اتھاپاتھو نے ایونٹ میں 146.85 کے اسٹرائیک ریٹ سے کل 304 رنز اسکور کیے جس میں ان کی 119 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔

تعارف: News Editor