ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کھیلنے کے لیے ہمیں اپنے ہوم میچز جیتنے ہوں گے، شان مسعود

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم کوالٹی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے،

بنگلا دیش کیخلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی وکٹ پر سپن باؤلنگ زیادہ مؤثر ثابت ہوگی، ٹیم میں 6 کوالٹی فاسٹ باؤلرز موجود ہیں، ہمیں اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ شاہین اور نسیم کے ساتھ محمد علی بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں، صائم ایوب نے اپنی آخری اننگز میں اچھی جھلک دکھائی تھی۔ اچھی کرکٹ کھیل کر ہماری ٹیم کے ساتھ شائقین بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے پاس چند کھلاڑی ہیں جو میچ میں دلچسپی پیدا کرسکتے ہیں، ڈریسنگ روم کا ماحول بہترین ہوگا تو میدان میں اچھی کارکردگی دکھا سکیں گے۔ ہماری کوشش یہی ہے کہ ڈریسنگ روم کا ماحول زبردست ہو۔

شان مسعود نے کہا کہ ہمیں اپنے ہوم میچز کو جیتنا ہے، محمد ہریرہ گزشتہ کئی سال سے ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، ہم نے امام الحق کی جگہ محمد ہریرہ کو اوپننگ کرانے کا سوچا ہے، صائم ایوب بھی ابھی فارم میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں عامر جمال ہمارے لیے بہترین ہتھیار ثابت ہوئے، انہوں نے آسٹریلیا میں بہترین کارکردگی دکھائی، ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ ایک باؤلردوسرے سے بہتر ہے، ہمیں کنڈیشنز کے لحاظ سے باؤلر کا استعمال کرنا ہوتا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کی اچھی سیریز رہی، پاکستان کے خلاف بھی اچھی سیریز ہوگی۔

نجم الحسن نے کہا کہ بنگلہ دیش کے اسکواڈ میں توازن ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے ٹاس بہت اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان کے خلاف سیریز میں کوئی پریشر نہیں، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے

پاکستانی کرکٹ ٹیم ؛ پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، عبداللہ شفیق شامل ہیں۔

بابراعظم، خرم شہزاد، محمد علی اورمحمد رضوان بھی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہونگے،نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

شان مسعود پہلی مرتبہ ہوم سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے،جیسن گلیسپی پہلی بار پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں 13 ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں جہاں قومی ٹیم کو واضح برتری حاصل ہے، گرین شرٹس نے 12 ٹیسٹ میں کامیابی سمیٹی جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا۔

تعارف: News Editor