سپانسرز اداروں اور حکومتی سرپرستی کے بغیر کھیلوں کا فروغ ناممکن ہے ؛ احمد علی راجپوت

 

سپانسرز اداروں اور حکومتی سرپرستی کے بغیر کھیلوں کا فروغ ناممکن ہے۔احمد علی راجپوت

اب کھیلوں پر پیسہ خرچ کر کے ہی کوئی رزلٹ مل سکتا ہے خالی باتوں سے کچھ حاصل نہیں ہو سکتا۔

سندھ کا ایک ووٹ ہے اس سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر،

سیکرٹری کا الیکشن نہیں لڑ سکتے۔

ارشد ندیم کی اولمپکس میں کامیابی سے کھلاڑیوں میں ایک نیا جوش و ولولہ پیدا ہوا ہے

پہلے سے زیادی محنت کریں گے۔

کراچی نیشنل گیمز کے انعقاد کے لیۓ بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔

پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے وفد سے گفتگو

کراچی( رپورٹ۔محمد اقبال ہارپر)

سپانسرز اداروں اور حکومتی سرپرستی کے بغیر کھیلوں کا فروغ ناممکن ہے۔ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ضرورت صرف ان کی بھرپور ٹریننگ ،مالی سپورٹ اور کھیلوں کے مواقع پیدا کرنے کی ہے۔

آج کے مہنگائی کے اس دور میں بغیر پیسوں کے کچھ نہیں ہو سکتا۔اس لیۓ اب کھیلوں پر پیسہ خرچ کر کےہی کوئی رزلٹ مل سکتا ہےخالی باتوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری،ہر دلعزیز احمد علی راجپوت نےپاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر کی قیادت میں کراچی آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوۓ کیا۔

اس موقع پر معروف اسپورٹس جرنلسٹ اور انٹرنیشنل ہاکی کمنٹیٹر ریاض الدین،ممبرز ایونٹ کمیٹی پی ایس جے ایف محبوب احمد چوہدری،تنویر احمد،طاہر عباس،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق خازن گلفراز احمد بھی موجود تھے۔

احمد علی راجپوت نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس وقت سندھ میں موجود اسپورٹس ایسوسی ایشنز اپنی مدد آپ کے تحت سپانسرز کے ذریعے کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوۓ ہیں۔

کھیلوں کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ مالی اخراجات کیلۓ تگ و دو بھی ایک چیلنج بنتی جا رہی ہے۔الحمد اللہ ہمیں اس وقت سندھ میں اسپورٹس لورز حکومت نے کھیلوں کے فروغ کیلیۓ اپنے تمام تر تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

احمد علی راجپوت نے مزیدبتایا کہ گزشتہ سال کوئٹہ میں نیشنل گیمز کا انعقاد ہوا اس بار کراچی کو نیشنل گیمز کی میزبانی ملی ہے۔

اس کیلۓ بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔حکومت سندھ،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان نیشنل گیمز کے حوالے سے جلد میٹنگ ہو گی۔

جس میں حکومت کو پریزینٹیشن پیش کی جاۓ گی۔جس کے مطابق حکومت نیشنل گیمز کے انعقاد کیلۓ تمام اخراجات کے فنڈ دے گی۔

اس کے علاوہ شہر بھر کے مختلف مقامات کو خوبصورتی سے سجانے کیلۓ میئر کراچی اور صدرسندھ اولمپک ایسوسی ایشن مرتضی وہاب نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے

انشاءاللہ ہم کراچی نیشنل گیمز کا شاندار انعقاد کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں احمد علی راجپوت نے کہا کہ تمام ایسوسی ایشنز کو ہدایت کر دی ہے

کہ وہ مقابلوں سے قبل ریفریشر کورسز،تربیتی ورکشاپس اورٹریننگ کیمپوں کو باقاعدگی سے آرگنائز کریں۔تا کہ کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ نیشنل گیمز میں اپنے جوہر دکھا سکیں۔

سندھ سے آج تک پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا کوئی سیکرٹری یا صدرنہیں بنا سے متعلق پوچھے گۓ ایک سوال کے جواب میں احمد علی راجپوت نے کہا کہ

ہم آئی او سی چارٹر کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کومکمل سپورٹ کرتے ہیں میں گزشتہ 28 سال سے پی او اے کا ایسوسی ایٹ سیکرٹری چلا آ رہا ہوں ہمارا صرف ایک ووٹ ہے

اس لیۓ الیکشن لڑنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ہم تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا جس کو بھی صدر،سیکرٹری مقرر کیا جاتا ہے

اس کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ارشد ندیم کے اولمپک میں گولڈ میڈل ملنے سے تمام کھلاڑیوں میں ایک جوش اور ولولہ پیدا ہوا ہے

اب وہ گولڈ میڈل کے حصول کیلۓپہلے سے زیادہ محنت کریں گےاور ارشد ندیم کی طرح ملک و قوم کا نام پوری دنیا میں روشن کریں گے

تعارف: News Editor