کھیلوں کے فروغ میں میڈیا کا اہم کردارہے:ڈاکٹر منور حسین
سرسید یونیورسٹی معیاری تعلیم کیساتھ کھیلوں کو بھی فروغ دے رہی ہے:
پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے وفد سے گفتگو
لاہور( سپورٹس رپورٹر)
سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹرمنور حسین نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا اہم ترین کردار ہے ،
پاکستانی میڈیا متحرک اور فعال ہے میڈیا نے لوگوں کو مختلف علاقائی، قومی، بین الاقوامی، سماجی، معاشی ، سیاسی اور سپورٹس کے موضوعات پر آگاہی ، تربیت اور رہنمائی فراہم کرکے معاشرے میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر کی قیادت میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پاکستانی سپورٹس صحافت کے لیجنڈ سینئر سپورٹس جرنلسٹ احسان قریشی،نوائے وقت کراچی کے قمر احمد،
لاہور سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی محبوب احمد چوہدری،تنویر احمد،اسلام آباد کے صحافی طاہر عباس،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق خازن گلفراز احمد ،
رجسٹرار سر سیدیونیورسٹی کموڈور(ر) سید سرفراز علی اور ڈائریکٹر سپورٹس مبشر مختار بھی موجود تھے۔ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹرمنور حسین کا کہنا تھا
کہ سرسید یونیورسٹی معیاری تعلیم کیساتھ کھیلوں کو بھی فروغ دے رہی ہے، پرائیویٹ سیکٹر میں تعلیمی لحاظ سے سر سید یونیورسٹی ٹاپ پر ہے کھیل کے میدان میں بھی یونیورسٹی کی کارکردگی شاندار ہے
ہائر ایجوکیشن کے ساتھ مل کر کئی کھیلوں کے کامیاب ایونٹس منعقد کر چکے ہیں جبکہ سرسید یونیورسٹی کے بے شمار کھلاڑی مختلف کھیلوں کی قومی ٹیموں میں شامل ہیں
اور اپنی شاندار کارکردگی سے ملک وقوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔وائس چانسلر ڈاکٹرمنور حسین نے کہا کہ سپورٹس ڈپلومیسی کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج اُجاگر کیا جا سکتا ہے ،
کھیلوں میں بڑھتے ہوئے مسابقت اور چونکا دینے والے نتائج کے پیش نظر ضروری ہے کہ پاکستانی کھیلوں کو مستقبل کی
حکمت عملی بنانے کیلئے کھیلوں کے ماہرین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ پاکستان آنے والے وقتوں میں کھیل کی دنیا کا سپر پاور بن سکے۔