بنگلہ دیش اے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کا اعلان

بنگلہ دیش اے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کا اعلان

وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث ٹیم کی قیادت کریں گے۔

اسلام آباد 25 اگست 2024:

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش اے کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے14 رکنی پاکستان شاہینز کا اعلان کردیا ہے۔

سیریز کا پہلا میچ پیر 26 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ دو میچز 28 اور 30 اگست کو ہونگے۔ پچاس اوورز پر مشتمل یہ تینوں میچزاسلام آباد کلب میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان دو چار روزہ میچ کھیلے جاچکے ہیں جو ڈرا ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو پاکستان شاہینز کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں پاکستان شاہینز کے ڈارون ٹور میں بھی ٹیم کی قیادت کی تھی جس نے پچاس اوورز کے دو ون ڈے اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی تھی۔

سلیکٹرز نے اس ٹیم کے بارہ کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش اے کے خلاف اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔ سلیکشن حکمت عملی بورڈ کی اس سوچ کی عکاسی کرتی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کے ساتھ ساتھ ایمرجنگ کرکٹرز کو متواتر مواقع دیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرسکیں اور سینئر ٹیم میں جگہ حاصل کرنے کی کوشش کرسکیں۔

کپتان محمد حارث کے علاوہ جن دیگر کھلاڑیوں کو ڈارون کا دورہ کرنے والی ٹیم سے برقرار رکھا گیا ہے ان میں عبدالفصیح، عرفات منہاس، فیصل اکرم، حسیب اللہ، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد عرفان خان، محمد عمران جونیئر، مبصر خان، عمیر بن یوسف، اور عثمان خان شامل ہیں۔

اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے دیگر دو کھلاڑی بائیں ہاتھ کے اسپنر مہران ممتاز اور بائیں ہاتھ کے بیٹر اذان اویس ہیں۔ مہران ممتاز بنگلہ دیش اے کے خلاف دوسرا چار روزہ میچ کھیلے تھے جبکہ اذان اویس نے اس سال آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

بنگلہ دیش اے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان شاہینز اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

محمد حارث (کپتان / وکٹ کیپر (پشاور) عبدالفصیح (راولپنڈی) عرفات منہاس (ملتان) اذان اویس (سیالکوٹ) فیصل اکرم

(ملتان) حسیب اللہ (وکٹ کیپر) (کوئٹہ) جہانداد خان (راولپنڈی) مہران ممتاز (راولپنڈی) محمد عباس آفریدی (پشاور) محمد

عرفان خان (فیصل آباد) محمد عمران جونیئر (پشاور) مبصر خان (راولپنڈی) عمیر بن یوسف (کراچی)
اور عثمان خان (کراچی)۔

پاکستان شاہینز بمقابلہ بنگلہ دیش اے سیریز کا شیڈول:

26 اگست – پہلا 50 اوورز کا میچ – اسلام آباد کلب
28 اگست – دوسرا 50 اوورز کا میچ – اسلام آباد کلب
30 اگست – تیسرا 50 اوورز کا میچ – اسلام آباد کلب ۔

تعارف: News Editor