خیبرپختونخوا میں ویٹ لفٹنگ کے باصلاحیت کھلاڑی دو گروپوں کی جنگ کی بھینٹ چڑھ گئے
پشاور ; غنی الرحمن
خیبرپختونخوا میں ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے دو گروپوں کے درمیان جاری اختلافات نے صوبے کے باصلاحیت ویٹ لفٹرز کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
کھلاڑی جو مہینوں کی انتھک محنت کے بعد اپنی تیاری مکمل کرتے ہیں، مقابلوں کے آغاز پر ہی مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں جب ایک گروپ، مخالف گروپ کے کھلاڑیوں کو حصہ لینے سے روک دیتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث ان کھلاڑیوں کی تمام تر محنت ضائع ہو جاتی ہے۔
یہی منظر نامہ کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل گیمز میں بھی دیکھنے کو ملا جہاں مخالف گروپ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت کا موقع نہیں دیا گیا۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی ہوئی بلکہ کھیل کے فروغ میں بھی رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
متاثرہ کھلاڑیوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے کوچز بڑی محنت سے انہیں مقابلوں کے لیے تیار کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں مواقع فراہم نہیں کیے جاتے۔
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی گروپ کے مقابلے ہوں، تمام کھلاڑیوں کو کھیلنے کا یکساں موقع ملنا چاہیے تاکہ ان کی محنت رائیگاں نہ جائے اور وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔
یہ صورتحال نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ کھیل کی ترقی پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے، اور اس کا فوری حل نکالنا از حد ضروری ہے تاکہ خیبرپختونخوا کے ویٹ لفٹنگ کے باصلاحیت کھلاڑی ملک اور بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کر سکیں۔