پہلا ون ڈے ؛ پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 8 وکٹوں سے ہرادیا

پہلا ون ڈے : پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔

عباس آفریدی کی کریئر بیسٹ پانچ وکٹیں ، عثمان خان اور حسیب اللہ کی نصف سنچریاں

اسلام آباد 26 اگست ۔ نوازگوھر 

پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو پہلے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

اس جیت میں فاسٹ بولر عباس آفریدی کی بولنگ نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے اپنے ون ڈے کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 38 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان خان اور حسیب اللہ نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

پیر کو اسلام آباد کلب میں محمد حارث نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش اے کو بیٹنگ دی جو 36 اوورز میں 183 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں پاکستان شاہینز نے 27.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

بنگلہ دیش اے کی طرف سے سیف حسن نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنائے۔

رشاد حسین نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد 40 رنز اسکور کیے۔

عباس آفریدی نے 9 اوورز میں 38 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ون ڈے ( لسٹ اے ) میں ان کی بہترین بولنگ 51 رنز دے کر5 وکٹیں تھیں جو انہوں نے2018 میں حبیب بینک کی طرف سے فاٹا کے خلاف حاصل کی تھیں۔

مہران ممتاز اور جہانداد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان شاہینز کی اننگز میں عثمان خان اور حسیب اللہ کی بیٹنگ قابل ذکر رہی ۔ عثمان خان نے 60 گیندوں پر 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 87 رنز اسکور کیے۔
انہوں نے حسیب اللہ کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 129 رنز کا اضافہ کیا۔

حیسب اللہ 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 28 اگست کو اور تیسرا ون ڈے 30 اگست کو کھیلا جائے گا۔

مختصر اسکور۔ بنگلہ دیش اے 183 رنز ( 36 اوورز ) ۔ سیف حسن 58 ۔ رشاد حسین 40 ۔ عباس آفریدی 38 / 5 وکٹ ۔ مہران ممتاز 29 / 2 وکٹ ۔ جہانداد خان 51 / 2 وکٹ ۔

پاکستان شاہینز 184 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ ( 527. اوورز) ۔عثمان خان 87 ۔ حسیب اللہ 73 ناٹ آؤٹ۔

نتیجہ ۔ پاکستان شاہینز نے 8 وکٹوں سے جیتا۔

تعارف: News Editor