انڈس موٹر کمپنی کی جانب سے قومی ہیرو ارشد ندیم کو ٹویوٹا فارچیونر جی آر ایس کا تحفہ دے دیا گیا ۔
پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم پر انعامات کی بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور اب معروف انڈس موٹر کمپنی نے انہیں ٹویوٹا فارچیونر جی آر ایس گاڑی تحفے کے طور پر دے دی ہے۔
پیرس اولمپکس میں ملک کانام روشن کرنیوالے ارشد ندیم کو سندھ حکومت کی جانب سے گاڑی کا رجسٹریشن نمبر ANO 9297 دیا گیا ۔
کراچی میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرے کوچ اور ڈاکٹر نے مجھ پر بہت محنت کی ، پیرس اولمپکس میں اللہ نے عزت دی،کوچ سلمان بٹ ،ڈاکٹر علی شیر باجوہ صاحب نے بھی بہت محنت کی ہے ۔
ان کاکہنا تھا کہ 2012 میں ایتھلیٹکس کا آغاز کیا، 2012 سے پہلے کرکٹ، بیڈمنٹن اور کبڈی کھیلتا تھا۔ارشد ندیم نے کہا کہ ایتھلیٹکس کھیل میں میرے بھائی مجھے لائے ،
2015میں آل پنجاب جیولین تھرو کا چمپئن بنا ، واپڈا اور آرمی کھلاڑیوں کو زیادہ سپورٹ کرتے ہیں، دس بار پاکستان کا ریکارڈ توڑا اور ابھی بھی پاکستان کا چمپئن ہوں ۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں 92.97 میٹر تھرو پھینک کی پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، جبکہ ان کے حریف بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا دوسرے نمبر پر رہے تھے۔