پاک,بنگلہ دیش دوسرے ٹیسٹ کیلئے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان، شاہین آفریدی ڈراپ
……..(اصغر علی مبارک)………
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آج شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے 12 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا جس میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو پچھلے میچ میں ہوا ، اس کو بدل نہیں سکتے، دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں کو ذمہ داری لینی پڑے گی، پہلے ٹیسٹ میں جس طرح کھیلا، ہم اس سے بہتر کھیل سکتے ہیں۔
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیگ اسپنر ابرار احمد کو 12 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے،
راولپنڈی کی کنڈیشنر کو دیکھ کر ابراراحمد کو 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، پلیئنگ الیون کا فیصلہ آج پچ دیکھ کر کریں گے۔
جیسن گلیسپی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں آرام کرانے کا فیصلہ کیا ہے، شاہین آفریدی ابھی باپ بنے ہیں، ہم چاہتے ہیں شاہین اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاریں، شاہین آفریدی کے ساتھ اظہرمحمود کام کر رہے ہیں، شاہین آفریدی تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کھیل رہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں اوور ریٹ بہت برا تھا، کبھی نہیں کہا کہ آسٹریلیا کی طرح پاکستان کو کھیلنا ہے، کھلاڑی پاکستان کے لیے کھیلنے کا جوش و جذبہ رکھتے ہیں جو میرے لیے بہت اہم بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ شان مسعود بہت مثبت کپتان ہیں، پہلے ٹیسٹ میں پہلی اننگز ڈیکلئر کرنے کا فیصلہ بھی مثبت سوچ کے ساتھ کیا تھا، پہلا ٹیسٹ میں شکست سے مایوس تو ضرور ہیں، اب پاکستان کو سیریز میں واپس آنا ہوگا۔
جیسن گلیسپی نے کہا کہ عامر جمال فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہیں کرپائے، 12 رکنی اسکواڈ میں سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان، شان مسعود، سعود شکیل، ابراراحمد، محمد علی ، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل 6 ٹیسٹ میچوں میں 38 وکٹیں لینے والے لیگ اسپنر ابرار احمد کو راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں سلو پچ پر تمام فاسٹ باؤلرز کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ غلط ثابت ہونے کے بعد واپس ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اتوار کے روز بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی شکست سے دوچار ہوئی تھی جب کہ اس کے باؤلنگ اٹیک میں ایک بھی فرنٹ لائن اسپنر شامل نہیں تھا۔
سلو پچ پر پاکستان کے تیز گیند باز متاثر کن باؤلنگ نہیں کرسکے تھے جب کہ بنگلہ دیش کے اسپنرز شکیب الحسن اور مہدی حسن میراز نے 7 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو 10 وکٹوں کی تاریخی فتح سے ہمکنار کیا تھا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سے شروع ہوگا۔ دو میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو
اس کے ہوم گراؤنڈ پر 10 وکٹوں سے شکست دے کر بنگلہ دیش کی ٹیم نے تاریخ رقم کردی تھی جب کہ قومی ٹیم کی بنگال ٹائیگرز کے خلاف طویل دورانیے کی کرکٹ میں یہ پہلی شکست تھی۔