پی او اے تائیکوانڈوکو اولمپک وائلڈ کارڈ دلانے میں معاونت کرے: وسیم جنجوعہ
نیشنل جو نیئر تائیکوانڈو چمپئن شپ سے نوجوان تائیکوانڈوپلیئرز کا مضبوط بیک اپ تیارہوگا:میڈیا سے گفتگو
لاہور( سپورٹس لنک) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر)وسیم احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن(پی او اے) سوئمنگ اور اتھلیٹکس کی طرح تا ئیکوانڈو سمیت دیگر کھیلوں کی بھی اولمپک وائلڈ کارڈ کے حصول میں معاونت کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نشتر پارک سپورٹس جمنازیم میں نیشنل جو نیئر تائیکوانڈو چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
کرنل (ر)وسیم احمد جنجوعہ نے کہا کہ نیشنل جو نیئر تائیکوانڈو چمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد نوجوان تائیکوانڈوپلیئرز کا ایک مضبوط بیک اپ تیار کرنا ہے اسی سلسلے میں رواں سال اکتوبر میں انڈر 14تائیکوانڈو چمپئن شپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تائیکوانڈو کا کھیل پاکستان کے مقبول ترین کھیلوں میں ہوتا ہے ،ملک بھر میں تائیکوانڈو کا بڑا ٹیلنٹ موجود ہے جس کو ہم گروم کر رہے ہیں ،
ہمارے کھلاڑی سارک اور ایشین گیمز سمیت دیگر انٹر نیشنل مقابلوں میں میڈلز حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں
اگرآئندہ اولمپکس گیمز میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن(پی او اے) دیگر کھیلوں کی تا ئیکوانڈوکو اولمپک وائلڈ کارڈ دلائے تو ہمارے کھلاڑی اولمپکس گیمز میں میڈلز جیت کر ملک وقوم کا نام روشن کرسکتے ہیں۔