چیمپئنز ون ڈے کپ سے زبردست ٹیلنٹ آئے گا…. چیئرمین پی سی بی محسن نقوی
( اصغر علی مبارک)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے چیمپئنز ون ڈے کپ کے شیڈول کا اعلان کردیاہے۔ چیمپئنز ون ڈے کپ ٹورنامنٹ 12 سے 29 ستمبر تک اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا،
چیمپئنز ون ڈے کپ میں 150 بہترین کرکٹرز حصہ لیں گے،افتتاحی میچ پینتھرز اور وولوز کے درمیان کھیلا جائے گا،50,50 اوورز کا چیمپئنز ون ڈے کپ ٹورنامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا،16ستمبر کو میچ صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا ، بقیہ تمام میچز 3 بجے شروع ہونگے،
چیمپئنز ون ڈے کپ کی ٹیمیں اسٹالیئنز، ڈولفنز ، وولوز، پینتھرز اور لائنز ہونگی،
پاکستان کرکٹ بورڈ 5چیمپئن مینٹورز کا اعلان کرچکا ہے جن میں وقایونس، مصباح الحق، ثقلین مشتاق، شعیب ملک اور سرفراز احمد شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پی سی بی 3 سالہ معاہدے کے تحت پانچوں مینٹورز کو سالانہ 50 لاکھ روپے ادا کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈکو سابق اسٹارز کی مدد سے نئے ٹیلنٹ کے حصول کی امید ہے۔ یوں تین سال میں ہر سابق اسٹار ڈیڑھ کروڑ روپے حاصل کر پائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ مینٹورز کا کام ٹیلنٹ کی نشاندہی اور اسے نکھارنا ہے، چیمپئنز کپ کی ہر ٹیم کے ساتھ 10 رکنی سپورٹنگ اسٹاف موجود ہوگا۔ ان میں ہیڈ کوچ، نائب کوچ، منیجر و دیگر شامل ہیں,
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 12 ستمبر سے فیصل آباد میں شروع ہونے والے چیمپیئنز کپ میں مینٹورز رکھنے سے پاکستان کی کرکٹ کوفائدہ ہوگا،چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز کپ سے ہمارے پاس بہت زبردست ٹیلنٹ آئے گا،
اس کے بعد ہمارے پاس ریکارڈ موجود ہوگا، چیمپئنز ون ڈے کپ سے ہمارے پاس 150 کھلاڑیوں کا پول موجود ہوگا اور اس کے بعد جس نے آنا ہے جانا ہے وہ سلیکشن کمیٹی سب چیزیں بڑے تحمل سے کرے گی ہمارے پاس بیک اپ پلیئرز آجائیں گے جس کی پرفارمنس ہوگی وہی منتخب ہوگا،